عادل راجہ کے الزامات اور ماڈلز کا ردعمل

یوٹیوبر میجر (ر) عادل راجہ نے ایک وی لاگ میں چار ماڈلز کے حوالے سے الزامات لگائے ہیں جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

پاکستان فوج کے سابق میجر اور یو ٹیوبر عادل راجہ (سکرین گریب/ عادل راجہ یوٹیوب چینل)

پاکستان فوج کے سابق میجر (ر) عادل راجہ کے چار پاکستانی خواتین فنکاروں کے بارے میں ایک وی لاگ پر بعض خواتین فنکاروں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’سستی شہرت‘ کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔

لندن میں موجود وی لاگر اور پاکستان فوج کے سابق افسر عادل راجہ نے اپنے ایک وی لاگ میں کہا تھا کہ پاکستان فوج کے دو اعلیٰ افسران مبینہ طور پر سیف ہاؤس میں پاکستانی ٹاپ ماڈل اور اداکاراؤں کے ساتھ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، جن کی بقول ان کے ویڈیوز موجود ہیں۔

اس ضمن میں انہوں نے چار خواتین کا ذکر کرتے ہوئے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے اور اپنی معلومات کا منبع چند مبینہ خاموش افراد کو قرار دیا۔

وی لاگ میں اداکاراؤں کے علاوہ مختلف موضوعات پر بات کی گئی لیکن ٹوئٹر پر اسی حوالے سے گفتگو کی جا رہی ہے بلکہ چند پاکستانی فنکار خواتین کے نام اور تصاویر گردش کررہی ہیں، جن کے بارے میں افواہیں تھیں کہ شاید میجر (ر) عادل نے انہیں کا ذکر کیا۔

اس ضمن میں خاص کر ان خواتین اداکاروں کا نام آیا جنہوں نے گذشتہ سال آئی ایس پی آر کے ایک ڈرامے ’صنفِ آہن‘ میں کام کیا تھا۔

یہ موضوع ٹوئٹر پر وائرل ہونے کے بعد عادل راجہ نے اپنے ایک اور وی لاگ میں کسی خاتون کا نام لینے کی تردید کی اور کہا کہ ان حروف سے تو کوئی بھی مراد ہو سکتا ہے، لیکن اس کے باوجود شور کم نہیں ہوا۔

انہوں نے اپنے وی لاگ میں مزید کہا کہ وہ خواتین کا بے حد احترام کرتے ہیں اور انہیں خواتین کے ابتدائی حروف بھی سامنے نہیں لانے چاہییں تھے۔ 

انہوں نے اس ابتدائی حروف سامنے لانے کے حوالے سے معافی بھی مانگی۔

وی لاگ میں جن اعلی فوجی افسران پر الزام عائد کیا گیا، تاحال انہوں نے عادل راجہ کے الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

تاہم پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں نے اپنے شدید رد عمل میں وی لاگ کو پست درجے کی حرکت قرار دیا۔

سجل علی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کردار کُشی ایک گھٹیا ترین حرکت ہے اور گناہ ہے، یہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں ذلت آمیز اور اخلاق باختہ الزامات اب عام بات ہیں۔‘

اداکارہ کبریٰ خان نے لکھا کہ ’میں شروع میں خاموش رہی لیکن اب حد ہوگئی ہے، اگر کوئی ایرا غیرا مجھ پر انگلی اٹھائے گا تو میں چپ نہیں بیٹھوں گی۔‘

کبریٰ خان نے عادل راجہ کو تین دن کی مہلت دیتے ہوئے لکھا کہ وہ فوراً اپنا بیان واپس لیتے ہوئے معافی مانگیں ورنہ وہ ان کے خلاف عدالت میں ہتک عزت کا دعوٰی دائر کریں گی۔

میجر (ر) عادل راجہ نے ایک اور وی لاگ میں کبریٰ خان کے انسٹاگرام سٹوری پر ردعمل میں کہا کہ انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

’عورت کارڈ استعمال کرکے میرے خلاف می ٹو مہم چلائی جا ری ہے، لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ مجھ سے زیادہ کوئی حقوق نسواں کا حامی نہیں ہوگا۔‘

عادل راجہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے وکلا سے مشاورت کر لی ہے اور انہیں اب کبری کے آنے کا انتظار ہے۔ عادل راجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے جن ابتدائی حروف کا استعمال کیا تھا ان میں تو کبریٰ خان کے نام کے حروف تھے ہی نہیں۔

مقبول اداکارہ مہوش حیات نے لکھا ’سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کچھ لوگ انسانیت کے درجے سے بھی گر جاتے ہیں، صرف اس لیے کہ میں ایک اداکارہ ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ مجھ پر کیچڑ اچھالا جاسکتا ہے۔‘

مہوش حیات نے مزید لکھا ’بے بنیاد الزامات لگانے پر آپ کو شرم آنی چاہیے، بلکہ ان تمام افراد کو زیادہ شرم آنی چاہیے جو اس پر اندھا یقین کر رہے ہیں۔

’یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے جہاں غلیظ قسم کی صحافت سوچے سمجھے بغیر چل رہی ہے۔

’اب اسے رکنا ہوگا اور میں اپنا نام کسی بھی صورت اس طرح خراب نہیں ہونے دوں گی۔‘

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کبریٰ خان نے ’نامعلوم افراد‘، ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’لندن نہیں جاؤں گا‘ جیسی کامیاب ترین فلموں میں کام کیا ہے۔

سجل علی نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بولی وڈ اور اب ہالی وڈ کی  فلم ’واٹ لؤ گوٹ ٹو ڈو ود اِٹ‘ میں کام کیا ہے جسے عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے لکھا۔

مہوش حیات نے حال ہی میں ڈزنی کی سیریز ’مِس مارول‘ میں کام کیا ہے، جس میں ان کے کردار کو اتنا پسند کیا گیا کہ اس قسط کو نیویارک ٹائمز سمیت کئی عالمی اخبارات 2022 کی بہترٰین ٹی وی قسط قرار دیا۔ کئی افراد نے ڈی سی سے کہا کہ مہوش حیات کو ’ونڈر وومن‘ کے کردار میں کاسٹ دیا جائے۔

میجر (ر) عادل راجہ ان دنوں لندن میں مقیم ہیں اور اطلاعات ہیں کہ انہوں نے سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی ہے۔

وہ ایک یو ٹیوب چینل چلاتے ہیں جس میں پاکستانی سیاست اور اسٹیبلشمنٹ پر اظہار خیال کیا جاتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ