حسن علی کی شادی: دلہن بھارت سے ہوں گی؟

ان کی مبینہ شریک حیات بھارتی شہری ہیں جن کا نام شامیہ آرزو ہے اور وہ بھارت کے صوبے ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ 

شادی کے بعد حسن علی وہ چوتھے پاکستانی کرکٹر بن جائیں گے جو بھارتی خاتون سے شادی کر چکے ہیں(اے ایف پی)۔

کرکٹ کے میدان میں یوں تو پاکستان اور بھارت روایتی حریف ہیں لیکن جہاں بات آتی ہے دوستی اور محبت کی تو اس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی دوری نہیں۔ پاکستانی کرکٹر عمران خان، وسیم اکرم، شعیب اختر، شاہد آفریدی بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی دوستی کا دم بھرتے تو نظر آتے ہیں وہیں دوسری جانب ایسے پاکستانی کرکٹرز کی بھی کمی نہیں جو دوستی سے آگے بڑھ کر سرحد کے اس پار رشتہ داری قائم کرنے سے بھی نہیں چوکتے۔

حسن علی کی شادی؟

نوجوان کرکٹر حسن علی کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق وہ عنقریب رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں اور اس میں دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی مبینہ شریک حیات بھارتی شہری ہیں جن کا نام شامیہ آرزو ہے اور وہ بھارت کے صوبے ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں۔  بھارتی صحافی نونیت مندھرا نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ :’ پاکستانی برق رفتار بولر حسن علی 20 اگست کو ایک بھارتی خاتون سے شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ شامیہ ایک ائیر لائن میں ملازمت کرتی ہیں۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق شامیہ پیشے کے لحاظ سے انجنئیر ہیں اور دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔

 

جبکہ کرکٹر حسن علی کا کہنا ہے کہ : ہماری شادی کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا۔ ابھی دونوں خاندانوں کو اس بارے میں مل کر بات کرنی ہے ۔ میں جلد ہی اس بارے میں کوئی اعلان کروں گا۔ یہ اعلان انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر کیا۔

شادی کے بعد حسن علی وہ چوتھے پاکستانی کرکٹر بن جائیں گے جو بھارتی خاتون سے شادی کر چکے ہیں۔ ان سے پہلے جو تین پاکستانی کھلاڑی بھارتی خواتین سے شادی کر چکے ہیں وہ ہیں لیجنڈ بلے باز ظہیر عباس، ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان اور آل راؤنڈر شعیب ملک۔‘

ظہیر عباس اور ریتا:

ایشین بریڈ میں کہلائے جانے والے ظہیر عباس نے نہ صرف بھارتی خاتون ریتا سے شادی کی بلکہ وہ دونوں ایک ساتھ خوشی سے زندگی گزار رہے ہیں۔ ریتا شادی کے بعد اسلام قبول کر چکی ہیں اور ان کا نام ثمینہ عباس رکھا گیا ہے۔ 

محسن حسن خان اور رینا رائے:

ٹیسٹ بلے باز محسن حسن خان نے بھارتی اداکارہ رینا رائے سے شادی کی جس کے بعد انہوں نے اپنے ایکٹنگ کرئیر کو خیرآباد کہہ دیا۔ لیکن ان کی شادی زیادہ عرصہ نہ چکی سکی اور رینا محسن حسن خان سے علیحدگی کے بعد واپس بھارت لوٹ گئیں۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا:

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی پریم کہانی تو زبان زد عام ہے۔ کھیلوں کی دنیا میں کون ہو گا جو شعیب ملک یا ثانیہ مرزا سے واقف نہیں ہو گا۔ ثانیہ مرزا گو کہ فلمی شخصیت نہیں ہیں لیکن وہ کھیلوں کے میدان میں وہ دنیا کے مشہور ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی شادی کو کئی سال ہو چکے ہیں لیکن ان کی شادی کے دنوں میں دونوں ملکوں کے میڈیا پر دکھائی جانے والے ان کی شادی کی تقریبات آج تک سب کو یاد ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ