ماجد جہانگیر کے ساتھ ’بچپن بھی چلا گیا‘

1980 کی دہائی کے مقبول ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے ماجد جہانگیر لاہور میں انتقال کرگئے۔

ماجد جہانگیر کو شہرت 1980 کی دہائی کے مقبول ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ سے ملی (ففٹی ففٹی/ یوٹیوب)

کئی دہائیوں تک پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں اردو سمجھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ماجد جہانگیر لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

ماجد جہانگیر کو شہرت 1980 کی دہائی کے مقبول ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ سے ملی، جس میں ان کا ایک ڈائیلاگ ’کا کہہ رہے بھائی‘ بہت مقبول ہوا۔

مزاحیہ اداکار کے انتقال کی خبر پر سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں میں سے ایک عالیہ رشید نے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’کا کہہ رہے ہو بھائی‘۔

عالیہ نے مزید لکھا کہ ’ماجد جہانگیر اور اسماعیل تارا کے ساتھ ہمارا بچپن بھی چلا گیا۔‘ 

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین اسماعیل تارا بھی گذشتہ سال نومبر میں انتقال کر گئے تھے۔

اسماعیل تارا اور ماجد جہانگیر دونوں نے مل کر ففٹی ففٹی پروگرام میں خوب رنگ جمایا اور ان کی جوڑی نے شہرت کمائی تھی۔

کرکٹ کے کھیل کے تجزیہ کار اور ٹی وی شو کے میزبان نعمان نیاز نے ایک ٹویٹ میں ماجد جہانگیر کو خراج تحسین کچھ یوں پیش کیا: ’یہ تکلیف دہ ہے۔ ایک حیرت انگیز آدمی، عاجزی ان کی قوت تھی۔‘

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی ماجد جہانگیر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

 

ماجد جہانگیر کی صلاحتیوں کے اعتراف میں انہیں ایک سرکاری اعزاز تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جا چکا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل