پنجاب، خیبرپختونخوا میں اپریل کے وسط میں الیکشن کروانے کی تجویز

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات نو سے 13 اپریل اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات 15 سے 17 اپریل کے درمیان کروانے کی تجویز دی ہے۔

17 جولائی 2022 کی اس تصویر میں پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں کے ضمنی انتخاب سے قبل انتخابی افسران لاہور کے ایک مرکز میں ووٹنگ کا سامان لے جا رہے ہیں (اے ایف پی)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رواں سال اپریل کے وسط میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کروانے کی تجویز دی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اس حوالے سے متعلقہ گورنرز کے پرنسپل سیکرٹریوں کو الگ الگ خطوط بھیجے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات نو اپریل سے 13 اپریل اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات 15 سے 17 اپریل کے درمیان کرانے کی تجویز دی ہے۔

اگر یہ تاریخیں منظور کر لی جاتی ہیں تو یہ انتخابات رمضان کے دوران ہوں گے۔ ابھی اس تجویز پر گورنرز اور سیاسی جماعتوں کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم تحریک انصاف جلد انتخابات کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کا تقاضہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے بدھ کو ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم نے سید محسن رضا نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ محسن رضا نقوی اپنی ذمہ داریاں آئین کے مطابق احسن طریقے سے سر انجام دیں گے اور الیکشن کے عمل کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تاہم حزب اختلاف کی بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے محسن نقوی کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے بدھ کو سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست