افغانستان میں تعینات سعودی سفارت کار پاکستان منتقل

سفارتی ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو نام نہ بتانے کی شرط پر سفارت کار کی منتقلی کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان میں واقع سعودی سفارت خانے کی عمارت (سعودی سفارت خانہ اسلام آباد/ٹوئٹر)

تازہ حالات سے واقف ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ افغانستان میں موجود سعودی عرب کے سفارت کار ملک چھوڑ کر پاکستان منتقل ہو گئے ہیں تاہم اس کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا گیا۔ 

دوسری جانب خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے تین سفارتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفارت کاروں کے افغانستان چھوڑنے کی وجہ ’سکیورٹی خدشات‘ ہیں۔

پیر کو طالبان حکومت نے سعودی سفارت کار کے ملک چھوڑنے کو ’عارضی‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے پیچھے سکیورٹی خدشات کار فرما نہیں۔

طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ’سعودی سفارت خانے کے کچھ ملازمین تربیت کی غرض سے ملک سے باہر گئے ہیں جو کہ واپس آ جائیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم سفارتی ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو نام نہ بتانے کی شرط پر سفارت کار کی منتقلی کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع نے یہ بات بتانے سے بھی گریز کیا کہ سفارت کار کتنا عرصہ افغانستان سے باہر رہیں گے اور یہ کہ کتنے سفارت کار ملک چھوڑ کر گئے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس صورت حال پر فی الحال کوئی موقف نہیں دیا۔

2021 میں امریکی انخلا کے بعد افغانستان کے لیے مختلف ممالک کے سفارت خانے پاکستان اور قطر میں مقیم ہیں۔

کچھ ممالک بشمول روس نے افغانستان میں اپنی سفارتی موجودگی برقرار رکھی ہے مگر کابل میں روسی سفارت خانے کو خودکش حملے کا نشانہ بھی بنایا جا چکا ہے جس میں دو روسی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا