کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں دھماکہ، خاتون ہلاک

پاکستان ریلوے پولیس کے ترجمان کنور عمیر ساجد کے مطابق جعفر ایکسپریس میں میاں چنوں، چیچہ وطنی کے درمیان اکانومی کلاس کی بوگی نمبر چار میں جمعرات کی صبح دھماکہ ہوا، جس کی نوعیت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستان ریلوے کے ترجمان بابر رضا کے مطابق دھماکہ جمعرات کو صبح سات بجے کر دس منٹ پر ہوا (تصویر: ریلوے پولیس)

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں چیچہ وطنی کے قریب جمعرات کو دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

پاکستان ریلوے کے ترجمان بابر رضا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ دھماکہ جمعرات کو صبح سات بجے کر دس منٹ پر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس دھماکے میں ایک خاتون نذیراں بی بی جن کا تعلق صادق آباد سے ہے، ہلاک ہوئیں جبکہ دو مسافر زخمی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر رضا کے مطابق ٹرین کو دھماکے بعد دن گیارہ بجے کے بعد اپنی منزل کی جانب پھر سے روانہ کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے پولیس کے ترجمان کنور عمیر ساجد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 39 اپ جعفر ایکسپریس میں میاں چنوں، چیچہ وطنی کے درمیان اکانومی کلاس کی بوگی نمبر چار میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک جبکہ چند مسافر زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ بوگی کے اندر واش روم کے قریب ہوا تاہم دھماکہ سلنڈر کا تھا یا پلانٹد بم تھا، اس کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘

عمیر نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 بھی موقعے پر موجود ہے جبکہ ایس پی ریلوے اور دیگر پولیس اہلکاروں کے علاوہ سی ٹی ڈی کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان