سعودی شہزادے نے اسلام آباد میں دس کروڑ ڈالر کے ’ٹیک ہاؤس‘ کا افتتاح کر دیا

سعودی شہزادے فہد بن منصور آل سعود نے پیر کو اسلام آباد منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پاکستان، سعودی عرب اور دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقعے پیدا کریں گے۔‘

شہزادہ فہد بن منصور آل سعود نے پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب دوران ’سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس‘ کا افتتاح کیا (تصویر: انڈپینڈنٹ اردو)

سعودی شہزادے فہد بن منصور آل سعود نے پیر کو اسلام آباد میں دس کروڑ ڈالر کے ’سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم ایک ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقعے پیدا کریں گے۔‘

منصوبے کے سرپرست شہزادہ فہد بن منصور آل سعود نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ ’سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس کے لانچ کا اعلان کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔‘

سعودی شہزادہ فہد بن منصورآل سعود نے بتایا کہ ’اس کا ہیڈکوراٹر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو گا اور اس کی پہلی برانچ لاہور میں ہو گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت مشرق سے مغرب تک ہر خطے میں سعودی عرب ٹیک ہاؤس بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔‘

’میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم پاکستان، سعودی عرب اور دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقعے پیدا کریں گے۔‘

سعودی شہزادے کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم اگلے پانچ سال میں کم سے کم دس کروڑ ڈالر کے تین سو پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے پر امید ہیں۔‘

’میرا ماننا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے بڑے انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ اور سٹارٹ اپس کے ساتھ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی شراکت داری سے پاکستان اور سعودی عرب کے لیے آئی ٹی سیکٹر میں گیم چینجر بن سکتے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میں پاکستان کے کاروباری شخصیات اور ٹیک ایکو سسٹم کے سعودی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘

اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی شریک ہوئے جن کا کہنا تھا کہ ’ٹیکنالوجی ہاؤس کا انعقاد ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا ایک نیا دور شروع کرے گا۔ سعودی عرب نے مضبوط اور مخفوظ ڈیجیٹل نیٹ ورک بنایا ہے۔‘

تقریب میں شریک وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان شزا فاطمہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ نوجوانوں کے لیے 15، 25 اور 75 لاکھ تک کے قرضہ جات کا اجرا کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ ’ہمیں آج کی دنیا میں نوجوانوں کو آئی ٹی کے مواقع دینے ہیں۔ وزارت آئی ٹی اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور جامعات میں آئی ٹی کیمپ لگائے جائیں گے۔‘

پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ ڈاکٹر محمد منشاد نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان میں اس سے پہلے آئی ٹی پر اتنا کام نہیں ہوا۔‘

ان کے مطابق ’سعودی عرب نے یہ منصوبہ شروع کیا ہے جس میں سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ ہو، اپنا آئی ٹی کلاؤڈ بنا کر اس پہ کام کیا جائے۔‘

سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس کیا ہے؟

شہزادہ فہد بن منصور آل سعود آئی ایل ایس اے انٹرایکٹو کے شریک بانی ہیں، جس کو پہلی بار 2009 میں پاکستانی کاروباری شخصیت سلمان ناصر نے قائم کیا تھا۔ اس کے دفاتر ریاض اور لاہور میں ہیں۔

سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا ہے۔

سعودی شہزادے فہد بن منصور نے اس منصوبے کا اعلان سب سے پہلے جنوری 2023 میں فیوچر فیسٹ کے دوران کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی