ہیوسٹن کے مسلمانوں کے لیے سکھ جوڑے نے سجائی افطار پارٹی

جسویر سنگھ باوا اور ان کی اہلیہ بھوپندر کور باوا گذشتہ 30 سال سے ہیوسٹن میں مقیم مسلمانوں کے لیے رمضان کے مہینے میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس کا شہر ہیوسٹن صرف ناسا کے خلائی مرکز کی وجہ سے ہی مقبول نہیں بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی وجہ سے بھی یہ شہر امریکہ بھر میں منفرد شناخت رکھتا ہے۔

ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی ہر سال افطار ڈنرز کا اہتمام کرتے ہیں، جبکہ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی رمضان میں مسلمانوں کے لئے افطار پارٹیاں سجاتے ہیں۔

ہیوسٹن سمیت پورے امریکہ میں رہنے والی سکھ کمیونٹی مسلمانوں خصوصاً پاکستانیوں سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتی ہے جس کا مظاہرہ صرف مسلئہ کشمیر پر بھارت کے خلاف مظاہروں میں ہی نظر نہیں آتا ہے بلکہ ماہ رمضان میں بھی سکھ کمیونٹی کے افراد مسلمانوں کے لیے بڑی محبت اور عقیدت کے ساتھ افطار پارٹیوں کا اہتمام کرتی ہے۔

ایسی افطار پارٹیوں میں سب سے مقبول کاروباری شخصیت اور باوا جیولرز کے روح رواں جسویر سنگھ باوا اور ان کی اہلیہ بھوپندر کور باوا کی جانب سے ہر سال منعقد کی جانے والی افطار پارٹی ہے، جس کا آغاز اس سکھ جوڑے نے 30 سال قبل کیا تھا۔

افطار  پارٹی میں مسلمان کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن کی تواضح  پر تکلف کھانوں سے کیا گیا۔

بھوپندر کور باوا کا انڈیپینڈینٹ اردو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سکھ مذہب لوگوں سے محبت اور رزق تقسیم کرنے کی تلقین کرتا ہے۔

امریکہ اور کینیڈا میں سکھ کمیونٹی ایک پر امن منظم کاروباری کمیونٹی تصور کی جاتی ہے، جو امریکی مسلمانوں خصوصاً پاکستانی امریکنز کے ساتھ محبت اور بھائی چارہ کے ا ٹوٹ رشتے میں بندھی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

باوا جوڑے کو بھی مسلمان کمیونٹی میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

دنیا کے دوسرے سکھوں کی طرح اس سکھ جوڑے کی بھی شدید  خواہش پاکستان خصوصاً کرتارپور کا دورہ کرنا ہے۔

مسلمان خصوصاً پاکستانی قونصل جنرلز بھی ہیوسٹن میں سکھ گوردواروں میں منعقد ہونے والی مذہبی اور دوسری تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔

ماضی قریب میں بھی کرتارپور بارڈر کھولے جانے پر سکھوں نے پاکستانی حکومت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا تھا، جس میں پاکستانی قونصل جنرل سمیت پاکستانی کمیوٹی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی جو کہ ہیوسٹن میں پاکستانی اور سکھ کمیونیٹیز کے درمیان مثالی تعلقات اور مذہبی ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ