مقدمات کے باوجود ٹرمپ کا صدارتی دوڑ میں شامل رہنے کا اعلان

ٹرمپ نے یہ بھی اصرار کیا کہ جو بائیڈن دوبارہ انتخاب لڑنے کے لیے موزوں نہیں ہیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 8 اپریل 2023 کو میامی میں یو ایف سی مکس مارشل آرٹس کی ایک تقریب میں شریک ہیں (اے ایف پی)

نیویارک کی ایک عدالت میں مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہد کیا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے لیے 2024 کی دوڑ سے ’کبھی نہیں نکلیں گے۔‘

ٹرمپ نے یہ بھی اصرار کیا کہ جو بائیڈن دوبارہ انتخاب لڑنے کے لیے موزوں نہیں ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریپبلکن رہنما مبینہ طور پر سابق پورن سٹار کو خاموش کرانے کے لیے ادا کی جانے والی رقم پر نیویارک میں 34 سنگین جرائم کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں جہنوں نے منگل کو فاکس نیوز کو بتایا کہ ’کوئی بھی چیز انہیں (صدارتی دوڑ) میں حصہ لینے سے نہیں روکے گی، یہاں تک کہ سزا بھی نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’میں یہ (میدان) کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ یہ میری جبلت میں نہیں ہے۔ میں یہ نہیں کروں گا۔‘

76 سالہ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے گرفتاری اور فنگر پرنٹ دیے جانے کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں اس بات پر شک ظاہر کیا کہ آیا  80 سالہ ڈیموکریٹ امیدوار بائیڈن 2024 کی صدارتی دوڑ میں شامل ہوں گے۔

ان کے بقول: ’میں ایسا نہیں دیکھ رہا۔ یہ کیسے ممکن ہے۔ یہ عمر کی بات نہیں ہے، مجھے نہیں لگتا کہ وہ ایسا کر پائیں گے۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا: ’میں صرف بائیڈن کو جسمانی یا ذہنی نقطہ نظر سے ایسا کرتے ہوئے نہیں دیکھ رہا ہوں۔ میں انہیں (اس دوڑ میں) نہیں دیکھ رہا۔‘

ٹرمپ اور دیگر سینیئر ریپبلکن رہنما بارہا بائیڈن کی ذہنی صحت اور ظاہری کمزوری پر شکوک و شبہات کا اظہار کر چکے ہیں۔

اس سے قبل تین اپریل کو ٹرمپ اپنے خلاف عائد الزامات کا سامنا کرنے کے لیے نیویارک کی ایک عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔

ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 میں امریکہ میں صدارتی الیکشن سے قبل اپنے وکیل کے ذریعے ایک پورن اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کے لیے رقم کی مبینہ ادائیگی کی اور اس کی تفصیلات چھپائیں۔

نیویارک میں ’ہش منی‘ یا خاموش رہنے کے لیے ادائیگی کرنا خلاف قانون نہیں مگر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے اس ادائیگی کو چھپایا اور اپنی تنظیم کے مالی ریکارڈ میں ردوبدل کی۔

انہوں نے پیشی کے دوران اس کیس میں تحقیقات کے بعد اپنے کاروباری ریکارڈ کو غلط ثابت کرنے کے 34 سنگین جرموں میں قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریپبلکن ارب پتی ٹرمپ تاریخ میں مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں۔

ان کی عدالت آمد کو امریکہ میں ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھایا گیا۔ اس موقعے پر ان کے سینکڑوں حامی اور مخالفین عدالت کے آس پاس سڑکوں پر موجود تھے۔

76 سالہ ٹرمپ 2024 کے صدارتی الیکشن میں ری پبلکن امیدوار ہیں لیکن یہ عدالتی کارروائی ان کے دوبارہ وائٹ ہاؤس آنے کے عزائم میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ نے عدالت سے ریپ کے الزام میں ہتک عزت کے مقدمے میں تاخیر کرنے استدعا کی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے امریکی جج سے کہا ہے کہ وہ 25 اپریل کو طے شدہ مقدمے کی سماعت میں چار ہفتوں کی تاخیر کرے۔

ایلے میگزین کی سابق کالم نگار ای جین کیرول نے ٹرمپ کے خلاف ریپ سے انکار پر انہیں بدنام کرنے پر مقدمہ دائر کیا ہوا ہے۔

مین ہٹن میں امریکی ڈسٹرکٹ جج لیوس کپلن کو لکھے ایک خط میں ٹرمپ کے وکلا نے کہا کہ سابق امریکی صدر کے منصفانہ مقدمے کے حق کے تحت اس مقدمے پر ہونے والی ’متعصب‘ میڈیا کوریج کے باعث ہونے والی ہلچل کو ’ٹھنڈا‘ ہونے تک موخر کرنے کی ضرورت ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ