کبھی افطاری مل جاتی ہے اور کبھی نہیں، نصیب کی بات ہے: ٹرک ڈرائیور

سامان کی ترسیل کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کو رمضان میں کن مشکلات کا سامنا رہتا ہے؟

ان کی زندگی سڑک پر گزرتی ہے۔ سفر اور سامان کی ترسیل ان کا پیشہ ہے۔

سڑکوں پر گامزن خوبصورت نقش ونگار سے مزین ٹرک دیکھنے میں تو اچھے لگتے ہیں، لیکن کم ہی لوگ اس کا ادراک کر پاتے ہیں کہ ان ٹرکوں کو چلانے والے کس طرح دوران سفر اپنے دن رات گزارتے ہیں بالخصوص رمضان اور عید پر۔

کوئٹہ کے سلطان محمد 40 سال سے ٹرک چلا رہے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ رمضان میں ان کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں کیونکہ ان کی افطاری ہوٹل پر تو کبھی سڑک پر ہوتی ہے۔

’ہمارے لیے کبھی باقاعدہ افطار نہیں ہوتا، کبھی کھانا مل جاتا ہے، کبھی نہیں۔ نصیب کی بات ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جلدی کسی ہوٹل تک پہنچ جائیں جس میں کبھی کامیابی تو کبھی ناکامی ہوتی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اکثر ہوٹلوں پر غیر معیاری افطاری اور کھانا ملتا ہے، جسے کھانا مجبوری ہے۔

’ہوٹل کے علاوہ راستے میں بعض لوگ ہمیں اشارہ دے کر روک لیتے ہیں، ان کا سڑک پر دسترخوان بچھا ہوتا ہے۔ وہ ہمارے لیے بہتر موقع ہوتا ہے کہ پیٹ بھر کر کھانا کھا لیتے ہیں۔‘

سلطان کہتے ہیں کہ باہر اور گھر کی افطاری میں فرق ہوتا ہے۔ ’ہمیں بھی گھر کی یاد آتی ہے کیونکہ وہاں سب کچھ ہوتا ہے۔ یہاں (ہوٹلوں پر) نہ اچھا کھانا ہے اور نہ ہی کوئی مزہ ہوتا ہے، بس مجبوری میں کھاتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سلطان کے ساتھی ڈرائیور مولا داد نے بتایا کبھی کبھی کوئٹہ میں سڑک جام ہو تو بہت وقت ضائع ہو جاتا ہے۔

’رش کے باعث ہمیں ہوٹل میں جگہ نہیں ملتی۔ اگر گاڑی سڑک پر کھڑی کرتے ہیں تو پولیس تنگ کرتی ہے کہ ہٹاؤ یہاں سے۔‘

مولاداد نے بھی شکوہ کیا کہ انہیں راستے میں بہتر کھانا اور روٹی نہیں ملتی۔ ’دوسرا ہوٹل کے کھانے کا بھروسہ نہیں کہ تازہ ہے یا پرانا۔ جب پوچھتے ہیں تو جواب ملتا ہے یہی ہے، کھانا ہے تو کھاؤ۔‘

مولاداد نے بتایا کہ دوران سفر وہ اپنے ساتھ کھانے پکانے کے برتن نہیں رکھتے کیوں کہ گیس سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے کا اندیشہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے علاوہ سنسان راستوں پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا خدشہ بھی رہتا ہے۔ ’اگر گاڑی خراب ہو جائے تو لوگ سامان چوری کرلیتے ہیں، بس ہماری لیے پریشانیاں ہی پریشانیاں ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان