پاکستان سوڈان سے شہریوں کے انخلا پر سعودی عرب کا شکرگزار

جدہ پہنچنے والے سعودی جہاز پر پاکستانیوں سمیت 1674 افراد سوار تھے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان سے پاکستانی شہریوں کے انخلا کا عمل جاری ہے اور ایک بحری جہاز 37 پاکستانی شہریوں کو پورٹ سوڈان سے لے کرجدہ پہنچ گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ان پاکستانی شہریوں کا جدہ میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے استقبال کیا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ اس تعاون اور مہمان نوازی پر سعودی حکومت کا شکر گزار ہے۔

اس سے قبل فوج کے درمیان لڑائی کے شکار افریقی ملک سوڈان سے غیر ملکی شہریوں کو لے ایک سعودی بحری جہاز بدھ کی صبح جدہ پہنچا تھا جس پر سعودی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانیوں سمیت 1674 افراد سوار تھے۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے بدھ کو کہا ہے کہ اب تک سعودی عرب پاکستان سمیت 62 ممالک کے 2148 شہریوں کو سوڈان سے نکال چکا ہے جس میں 114 سعودی شہری بھی شامل ہیں۔

خبر رساں اداے کے مطابق سعودی عرب غیر ملکی شہریوں کو ان کے ممالک بھیجنے کے لیے تمام ضروری سہولیات کا انتظام بھی کر رہا ہے۔

عرب نیوز نے رپورٹ کیا کہ سعودی پرچم والا بحری جہاز ’آمانہ‘ صبح پانچ بجے کے قریب کنگ فیصل نیول بیس پر پہنچا۔ مسافروں کے اترتے ہی مختلف قومیتوں کے بیس حکام اور سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

سعودی عرب سوڈان میں لڑائی سے فرار ہونے والے لوگوں کو نکالنے میں سرگرم ہے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا ہے، ’الحمدللہ، مزید دو سو پاکستانیوں کا قافلہ پورٹ سوڈان پہنچ گیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانہ پورٹ سوڈان میں ان کے قیام اور بالآخر سوڈان سے روانگی تک ان کی معاونت کرتا رہے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قبل ازیں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے ڈاکٹر عبدالعزیز الواسل نے سوڈان میں موجودہ جنگ بندی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

نیویارک میں سلامتی کونسل میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سوڈان میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے شہریوں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے پر سوڈان میں فریقین کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

ادھر پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو بتایا کہ اب تک 700 پاکستانی شہریوں کو سوڈان پورٹ پر پہنچا دیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ان لوگوں کو پورٹ سوڈان سے بذریعہ سمندر پہلے جدہ لے جایا جائے گا جہاں سے پاکستان انٹرنیشل ائیرلائنز (پی آئی اے) اور پاکستان فضائیہ کی معاونت سے وہ واپس وطن پہنچیں گے۔

خرطوم سے پورٹ سوڈان پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے سفارت خانے کی جانب سے جہاز کا بندوبست کیے جانے تک ہوٹل میں قیام کا بندوبست کیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا