شعیب ہاشمی جہاں بیٹھ جاتے تھے وہ کونا جگمگا اٹھتا: بشریٰ انصاری

بشریٰ انصاری نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شعیب ہاشمی ایک شعلہ جوالا انسان تھے۔ وہ عام آدمی نہیں بلکہ بہت دلچسپ شخصیت تھے، انہوں نے بھرپور زندگی گزاری لیکن لمبی بیماری کاٹی جس کا افسوس ہے۔‘

شعیب ہاشمی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس لندن سے تھیٹر میں ڈگری یافتہ تھے (لاہور سکول آف اکنامکس، فلکر)

دانشور، استاد، ڈرامہ نگار، اداکار اور  فیض احمد فیض کی صاحبزادی سلیمہ ہاشمی کے شوہر شعیب ہاشمی پیر کو انتقال کر گئے۔

شعیب ہاشمی نے 70 کی دہائی میں معروف ڈرامے لکھے، اداکاری کی اور 1990 کے دوران اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری بھی کرتے رہے۔

شعیب ہاشمی کے معروف ڈراموں میں اکڑبکڑ، سچ گپ اور ٹال مٹول سمیت کئی دوسرے پروگرام شامل ہیں۔

شعیب ہاشمی کو 1995 میں حسن کارکردگی کا ایوارڈ ملا اورتمغہ امتیازسے بھی نوازا گیا۔

شعیب ہاشمی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس لندن سے تھیٹر میں ڈگری یافتہ تھے اور وہ  کئی سال گورنمنٹ کالج لاہور سے بطور استاد وابستہ رہے۔

شعیب ہاشمی کی شادی پاکستان کے نامور شاعر فیض احمد فیض کی بیٹی سلیمہ ہاشمی سے ہوئی۔

شیعب ہاشمی کے بارے میں اپنی یادیں شیئر کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ شعیب ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کا موقع تو نہیں ملا لیکن ہم ان کا کام شوق سے دیکھا کرتے تھے۔

’اس دور میں میری عمر بھی بہت کم تھی اکڑ بکڑ، سچ گپ، جیسے  ڈراموں میں ان کا کام دیکھا۔ لیکن وہ ایسی شخصیت تھے کہ جس کونے میں بٹھا دو وہ جگمگا اٹھتا تھا۔‘

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ ’شعیب ہاشمی کو گفتگو پر کمال کا عبور تھا لیکن کئی عرصے سے انہیں چپ لگ گئی تھی۔‘

’اکثر ان کی طبیعت کا احوال جاننے کے لیے منیزہ  آپا اور سلیمہ آپا سے رابطہ بھی کرتی تھی، خیریت جانتی تھی لیکن ان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ کیونکہ علالت کے دوران وہ کسی سے ملنا نہیں چاہتے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ’شعیب ہاشمی ایک شعلہ جوالا انسان تھے۔ وہ عام آدمی نہیں بلکہ بہت دلچسپ شخصیت تھے، انہوں نے بھرپور زندگی گزاری لیکن بہت لمبی بیماری کاٹی جس کا مجھے افسوس ہے۔‘

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شعیب ہاشمی کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے منیزہ ہاشمی، سلیمہ ہاشمی اور دیگر اہل خانہ سے شعیب ہاشمی کی وفات پرہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شعیب ہاشمی نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے طنز و مزاح کے پروگراموں میں نئی جہت متعارف کروائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ان کے قلم سے روشن اقدار، روایات اور نظریات کو فروغ ملا، انہوں نے معاشرے کو تہذیب، سلیقہ اور ادب سکھایا۔ ان کی وفات معاشرے، فن اور ادب کا بڑا نقصان ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن