اسلام آباد ہائی کورٹ 14 برس بعد نئی عمارت میں منتقل

سیکٹر جی/10 میں موجود پرانی عمارت کی جگہ اب عدالت کو ایک نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پیر سے مقدمات کی سماعت بھی شروع ہوچکی ہے۔

ایک دہائی سے زائد کے عرصے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت ایک نئی جگہ منتقل ہو رہی ہے جہاں مقدمات کی سماعت کا آغاز بھی پیر سے شروع ہو چکا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی/10 میں موجود پرانی عمارت کی جگہ اب عدالت کو شاہراہ دستور پر ایک نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے جو اب ریڈیو پاکستان اور دفتر خارجہ کے ساتھ تعمیر ہونے والی نئی عمارت ہے۔

ہائی کورٹ کی اس نئی عمارت میں تاحال تعمیراتی کام جاری ہے۔ صرف ججوں کی عدالتیں اور چیمبر مکمل ہیں جبکہ وکلا اور میڈیا کو مرکزی عمارت میں جگہ نہیں دی گئی ہے بلکہ متصل عارضی عمارت کا انتظام کیا جا رہا ہے، جس پر وکلا اور میڈیا کو تحفظات بھی ہیں۔

اس کے علاوہ نئی عمارت میں تاحال پارکنگ کی کوئی جگہ بھی میسر نہیں ہے۔ وکلا، سائلین اور میڈیا نے شاہراہ دستور کو ہی پارکنگ بنا رکھا ہے۔

عدالت کی انتظامیہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’نئی عمارت میں 14 عدالتیں تیار کی گئی ہیں، جن میں سے آٹھ عدالتیں بشمول چیف جسٹس کورٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔‘

ان کے مطابق ’چونکہ ججز کی تعداد آٹھ ہے تو آٹھ کمرے زیر استعمال ہیں۔ کمرہ نمبر ایک چیف جسٹس عامر فاروق کے لیے مختص ہے جس میں تقریباً 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔‘

اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ کے آئی ٹی کنسلٹنٹ وقاص نے بتایا کہ ’نئی عمارت میں سکیورٹی اور آئی ٹی کا جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ سائلین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘

نئی عمارت کے حوالے سے وہاں موجود صحافیوں نے تبصرہ کیا کہ ’ہائی کورٹ چیف جسٹس کا کورٹ روم تو سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر ایک سے بھی بڑا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل پہلے مرحلے میں 2007 سے 2009 تک ہائی کورٹ جی/10 میں قائم عمارت میں رہی۔ 31 جولائی 2009 سے تین جنوری 2011 تک دو سال ہائی کورٹ ختم ہو گئی تھی۔

دو سالہ عرصے میں تمام کیسز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ منتقل ہو گئے تھے۔ دوسرے مرحلے میں تین جنوری 2011 سے 20 مئی 2023 تک جی/10 کی عمارت میں ہائی کورٹ کام کرتی رہی ہے۔

ہائی کورٹ کی تمام برانچز، عدالتوں، دفاتر کا سامان ہفتے کے روز نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

ضلعی عدالتوں کے لیے دو پلاٹس مختص کیے گیے ہیں۔ ایک ہائی کورٹ جی/10 والی عمارت اور دوسرا جی/11 کا پلاٹ جہاں نیا جوڈیشل کمپلیکس تعمیر ہوا ہے۔

معلومات کے مطابق ایک پلاٹ میں ایسٹ اور دوسرے میں ویسٹ کی عدالتیں ہونا تھیں مگر پھر بعد میں ایسٹ، ویسٹ کو ایک ہی جگہ جوڈیشل کمپلیکس میں اکٹھا کر دیا گیا اور ہائی کورٹ والی عمارت کو فیملی کورٹس اور ایڈمنسٹریٹو مقاصد کے لیے رکھ لیا گیا ہے۔

پانچ جون سے کچہری کی تمام دیگر ضلعی عدالتیں بھی جوڈیشل کمپلیکس شفٹ ہو جائیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان