عام طور پر موسم گرما کے زیادہ درجہ حرارت کا (مغرب میں) ’گرم جوشی‘ سے استقبال کیا جاتا ہے لیکن ہم اکثر یہ بھول جاتے ہیں کہ جب رات کو گرمی میں اضافہ ہوتا ہے تو اچھی رات کی نیند لینا کتنا مشکل ہو سکتا ہے۔
ہیٹ ویو کے دوران راتیں اور بھی زیادہ تکلیف دہ ہو سکتی ہیں جب درجہ حرارت کم از کم مسلسل تین دنوں تک ہیٹ ویو کے درجہ حرارت کی حد کو چھوتا ہے یا اس سے بھی تجاوز کر جاتا ہے اور گرمیوں میں یہ عام بات ہے۔
بہت سے لوگوں کو یہ راتیں مشکل لگ سکتی ہیں خاص طور پر پنکھے یا ایئر کنڈیشنگ کے بغیر۔
’سائیلنٹ نائٹ‘ نامی تنظیم سے وابستہ نیند کی ماہر ڈاکٹر نرینا رملا خان کے مطابق اچھی نیند کے لیے بیڈروم کا درجہ حرارت 16 سے 21 سیلسیس کے درمیان ہونا چاہیے اور آپ کے دماغ کو باقی جسم کے مقابلے میں کم درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے۔
رملا خان نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا: ’دن بھر کی معلومات کے ساتھ ساتھ جسمانی اور دماغی طور پر جسم کی بحالی اور اس کا توازن برقرار رکھنے کے لیے رات کو بھرپور نیند لینا نہایت ضروری ہے۔‘
’ایک مثالی اچھی نیند کے لیے ہمارے جسم اور ہمارے دماغ کے درمیان درجہ حرارت میں تھوڑا سا فرق ہونا ضروری ہے، جسم کے مقابلے میں سر کا درجہ حرارت کچھ کم ہونا چاہیے۔‘
اس صورت حال میں گرم موسم میں آپ اپنے آپ کو ٹھنڈا رکھنے اور بہتر نیند پانے کے لیے کیا کرسکتے ہیں؟ 20 طریقے یہاں ہم بتائے دیتے ہیں۔
1۔ اپنے تکیے کے کور، چادر یا پاجامہ سوٹ کو فریج یا فریزر میں رکھیں (لیکن پلاسٹک کے کور میں لپیٹ کر)
2۔ پانی گرم رکھنے والی بوتل کو برف کے پانی سے بھریں اور اپنے جسم کے 'کولنگ پوائنٹس' پر رکھیں جیسے گھٹنے، ٹخنے، کلائیاں، گردن، ران اور کہنیوں پر۔ آپ ٹھنڈے پانی کی بوتل بھی بھر سکتے ہیں اور اسے منجمد کرکے اپنے ساتھ بستر پر لے جا سکتے ہیں۔
3۔ بستر میں نمی کے لیے ایلو ویرا کی آفٹرسن کریم کا استعمال کیا جا سکتا ہے جو عام طور پر فریج میں موجود ہوتی ہے۔
4۔ پرفیوم کی خالی بوتل کو ٹھنڈے پانی سے بھریں اور اسے اپنے بستر کے کنارے رکھیں اور خود کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے اسے اپنے چہرے، گردن کے پیچھے اور گھٹنوں کے پیچھے چھڑکیں۔
5۔ اپنے بستر کے لیے پتلی اور خالص کاٹن کی چادریں استعمال کریں جو گرم موسم میں ٹھنڈا رہنے کے لیے ایک مثالی بستر ہے کیوں کہ یہ آرام دہ ہوتے ہیں۔
6۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ زیادہ پروٹین نہیں کھا رہے ہیں کیونکہ نیند کے ماہر ڈیو گبسن کے مطابق یہ آپ کے میٹابولزم کی شرح کو بڑھا کر واقعتاً آپ کے جسم کو گرم کر سکتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
7۔ مصالحہ دار کھانا کھائیں لیکن بستر پر جانے سے کم از کم تین گھنٹے پہلے۔ اس سے آپ کو پسینہ آئے گا جس سے جسم ٹھنڈا ہو جاتا ہے۔
8۔ جسم کو گرم ہونے سے روکنے کے لیے شام کی بجائے صبح کی ورزش کریں۔
9۔ اپنے جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے شام کے شاور کے لیے نیم گرم پانی کا استعمال کریں۔ پانی کو زیادہ ٹھنڈا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ آپ کا جسم حرارت کو محفوظ رکھ کر درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی پر ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
10۔ روایت کے برخلاف گبسن کا کہنا ہے کہ ہمیں گھر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے دن میں کھڑکیاں بند رکھنی چاہییں اور پردے بھی۔
11۔ سونے کے کمرے میں حرارت خارج کرنے والے تمام برقی آلات بند کردیں، حتیٰ کہ ساکٹ بھی۔
12۔ اپنے پیروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے آئس پیک کا استعمال کریں۔
13۔ ہوا کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پنکھے کے سامنے برف سے بھرا ہوا برتن رکھ دیں۔
14۔ دن میں باقاعدگی سے پانی پیئیں لیکن رات کو زیادہ پانی پینا اچھا نہیں۔ سونے سے پہلے تقریباً آدھا گلاس پانی آپ کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے کافی ہوگا اور یہ آپ کو بار بار جگانے اور واش روم جانے سے بھی محفوظ رکھے گا۔
15۔ اپنے ساتھی سے الگ بستر پر سوئیں، کیونکہ دو جسموں کا مطلب ہے دگنی حرارت۔
16۔ گرم موسم میں نچلی منزل پر سونا بہتر ہے۔
17۔ ٹھنڈی، اور گیلی جرابیں پہن کر یا پرانی ٹی شرٹ میں سوئیں۔
18۔ سونے سے پہلے ٹھنڈے پانی سے اپنی کلائیوں اور پیروں کو دھویں۔
19۔ اگر آپ رات کو بیدار ہوجاتے ہیں تو خود کو ٹھنڈا کرنے کے لیے اپنے ماتھے پر مینتھول سٹک رگڑیں۔
20۔ سونے سے ایک گھنٹہ پہلے ایک گیلے فلالین کو فریج میں رکھیں اور سوتے وقت اسے اپنی پیشانی پر رکھ لیں۔
© The Independent