وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اتوار (30 جولائی) کو متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے علاوہ دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔
بیان کے مطابق وہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بھائی شیخ سعید بن زاید کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے تعزیت بھی کریں گے۔
ان سرکاری مصروفیات کے بعد بلاول بھٹو زرداری دبئی میں مادام تساؤ میں پاکستان کی واحد خاتون وزیراعظم اور اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
بے نظیر بھٹو پہلی پاکستانی شخصیت ہیں جن کا مجسمہ مادام تساؤ میوزیم میں نمائش کے لیے پیش جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کی مضبوط شراکت داری اور دونوں مالک کے درمیان باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
اس سے قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے اس موقعے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ ان کے بھائی کے انتقال پر پاکستانی حکومت، قیادت اور عوام کی جانب سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔