خلا میں ہونے والے پہلے ’جرم‘ کی تفتیش

خلا نورد اینی مکلین پر خلائی سٹیشن پر تعیناتی کے دوران اپنی ناراض شریک حیات کے ذاتی معاشی ریکارڈ تک جعلی شناخت کے ذریعے رسائی کا الزام ہے۔

خلا نورد اینی مکلین (اے ایف پی) 

امریکی خلائی ایجنسی ناسا ان دنوں خلا میں ہونے والے پہلے مبینہ جرم کی تفتیش کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہفتے کو نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ خلا نورد اینی مکلین پر بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر چھ ماہ کے تعیناتی مشن کے دوران اپنی ناراض شریک حیات کے ذاتی معاشی ریکارڈ تک جعلی شناخت کے ذریعے رسائی حاصل کرنے کا الزام ہے۔

خلانورد کی شریک حیات سمر وورڈن نے ریکارڈز تک رسائی کا انکشاف ہونے کے بعد اس سال فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں شکایت بھی کی تھی جبکہ ان کے خاندان نے ناسا کے انسپکٹر جنرل کے آفس کو بھی ایک شکایت بھیجی تھی۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق مکلین کے وکیل کا کہنا ہے ان کی موکل نے کچھ غلط نہیں کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے اپنے اور اپنی شریک حیات کے مشترکہ معاشی کھاتوں پر نظر رکھنے کے لیے یہ رسائی حاصل کی تھی اور وہ ایسا پہلے بھی کرتی رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اخبار کے مطابق ناسا کے تفتیشی اہلکاروں نے دونوں خواتین سے رابطہ کر لیا ہے۔

جون میں زمین پر واپس آنے والی مکلین نے اس وقت شہرت حاصل کی جب انہیں خلا میں پہلی بار چہل قدمی کرنے والی دو خواتین میں سے ایک کے لیے چنا گیا تھا۔ ناسا نے مارچ میں یہ منصوبہ مطلوبہ معیار کے لباس نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد اس پر صنفی تعصب کے الزامات بھی عائد ہوئے۔

وورڈن کے مطابق فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے شناخت چوری کرنے کی رپورٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا لیکن نیویارک ٹائمز کے مطابق ناسا انسپکٹر جنرل آفس کے ساتھ کام کرنے والے اور ایسے مقدمات میں مہارت رکھنے والے تفتیشی افسران الزامات کی تحقیق کر رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ