سات زبانوں میں گانے والی انڈین اداکارہ شروتی حسن

لندن سے انڈپینڈنٹ اردو کی اس واڈکاسٹ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر گپ شپ کی جاتی ہے۔

انڈین زبانوں کی فلموں میں کام کرنے کے لیے شروتی حسن سکرپٹ کا ترجمہ انگریزی میں کرواتی ہیں۔ (فوٹو: شروتی حسن انسٹاگرام)

لندن سے انڈپینڈنٹ اردو کی واڈکاسٹ ’ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز‘ کی چوتھی قسط کی مہمان ہیں انڈین اداکارہ شروتی حسن جن کا کیریئر دراصل گلوکارہ کے طور پر شروع ہوا اور وہ، اداکاری کو ’اتفاقیہ‘ قرار دیتی ہیں۔

شروتی حسن نے ’لک‘ فلم کے ساتھ ہندی فلموں میں قدم رکھا جس میں ان کا گانا ’آزما لک‘ خاصا مقبول ہوا۔ پندرہ سالہ کیریئر میں ملنے والے ان گنت ایوارڈز کو وہ، اپنے گھر میں فریج کے اوپر رکھتی ہیں۔

ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز کے میزبانوں مِم شیخ اور علی حمزہ نے شروتی حسن سے گفتگو کی شروعات ایوارڈز کو فریج کے اوپر رکھنے کی منطق جاننے سے کی جس پر شروتی نے بتایا کہ ان کا ایک ایوارڈ گم ہو گیا تھا جس کے بعد سے انہوں نے فریج کا انتخاب کیا تاکہ تمام ایوارڈز نظروں کے سامنے رہیں۔

شروتی حسن نے بتایا کہ وہ اب تک سات زبانوں میں گا چکی ہیں البتہ شروع ہی سے ان کی ترجیح انگریزی زبان کے گانے رہے۔ وہ لندن میں اکثر پرفارم کرتی ہیں۔

شروتی کو اداکاری وراثت میں ملی۔ ان کے والد کمل حسن کا شمار تامل فلموں کے اولین اداکاروں میں ہوتا رہا ہے اور آج کل سیاست سے وابستہ ہیں۔ والدہ ساریکا بھی اداکاری میں نامور رہیں اور کاسٹیوم ڈیزائننگ کے شعبے میں بھی ایوارڈز جیتے۔ شروتی بتاتی ہیں کہ بچپن میں وہ والدین کے فلم سیٹ پر کاسٹیوم ڈیزائننگ میں مدد کیا کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ گلوکاری کے علاوہ انہیں رائٹر اور ڈائریکٹر بننے کا شوق رہا ہے البتہ تاحال وہ ہندی میں رائٹنگ نہیں کر سکیں۔ انگریزی پر انہیں زیادہ عبور حاصل ہے اور انڈین زبانوں کی فلموں میں کام کرنے کے لیے وہ سکرپٹ کا ترجمہ انگریزی میں کرواتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واڈکاسٹ کے دوران فلم سازی میں ’انٹیمیسی کوارڈینیٹر‘ کے کردار پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔ فلمی دنیا میں ’انٹیمیسی کوارڈینیٹر‘ حالیہ سالوں کی ایجاد ہے جو سیٹ پر موجود ماہر ہدایت کار ہوتا ہے اور جنسی نوعیت کے مناظر کو فلم بند کرنے کے لیے اداکاروں کی مدد کرتا ہے۔ شروتی حسن کے مطابق، جنسی نوعیت کے مناظر نہ صرف خواتین اداکاروں کے لیے حساس ہوتے ہیں بلکہ بعض اوقات ایسے مناظر مرد اداکاروں کے لیے بھی مشکل صورتحال پیدا کر دیتے ہیں۔ اسی لیے ’انٹیمیسی کوارڈینیٹر‘ کا سیٹ پر موجود ہونا مردوں اور عورتوں، دونوں کے لیے ضروری ہے۔

ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز، انڈپینڈنٹ اردو کی لندن سے واڈکاسٹ ہے جس کا مقصد برطانیہ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی کامیابیوں کی داستانوں کو اجاگر کرنا ہے۔ واڈکاسٹ میں جنوبی ایشیائی نژاد برطانوی شہریوں کی ثقافتی شناخت کی بُنت پر ہلکی پھلکی گپ شپ کی جاتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا