’دلہا بننے کا ارمان نہیں تھا‘: ڈراما ’مائی ری‘ کے ہیرو ثمر جعفری

پاکستانی ڈراما ’مائی ری‘ ان دنوں زیرِ بحث ہے جس میں کم عمری کی شادی جیسے نازک اور حساس موضوع پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ اس ڈرامے کے ہیرو ثمر جعفری کا کہنا ہے کہ انہیں دلہا بننے کا کوئی ارمان نہیں تھا۔

پاکستانی ڈرامے ’مائی ری‘ کے مرکزی کردار ثمر جعفری کا کہنا ہے کہ انہیں دلہا بننے کا ارمان نہیں تھا بلکہ ڈرامے میں کام کرنے کا فیصلہ انہوں نے سکرپٹ پسند آنے پر کیا۔

ثمر جعفری اس ڈرامے میں کم سِن دلہا فاخر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جن کی شادی ان کی کزن سے جبراً کردی جاتی ہے اور جس کے بعد ان کے ہاں ایک اولاد بھی ہوجاتی ہے۔ ٹی وی ڈرامے میں یہ سب دکھانے پر ملک کے کئی حلقوں کی جانب سے شدید اعتراض بھی اٹھایا گیا ہے۔

ثمر جعفری کا یہ پہلا ڈراما ہے، اس سے پہلے ہم انہیں ان کی گلوکاری کی وجہ سے جانتے تھے۔ انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اداکاری کے اپنے پہلے تجربے، گلوکاری کے شوق اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی بات کی۔

ثمر نے بتایا: ’مجھے اداکاری کا شوق گائیکی سے پہلے کا ہے۔ میں نے گلوکاری 2018 میں شروع کی ہے، کیونکہ یہ میں نے زیادہ کی ہے اس لیے ایسا لگتا ہے کہ مجھے گلوکاری کا زیادہ شوق ہے۔‘

’مائی ری‘ میں اپنے کردار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ چونکہ سکرپٹ اچھا تھا، مزے دار تھا، ڈرامے کے تمام کردار بہت اچھے انداز میں لکھے گئے تھے اور سکرپٹ کی ضرورت تھی کہ دلہا بنا جائے تو وہ بن گئے۔

ڈرامے میں کم عمری کی شادی دکھانے پر جو اعتراضات و سوالات اٹھائے گئے ہیں اس کے بارے میں ثمر جعفری کا کہنا تھا کہ یہ اس بات کی غمازی کر رہا ہے کہ لوگ ڈراما دیکھ رہے ہیں، اور جیسے جیسے کہانی آگے بڑھ رہی ہے، وہ ہر سوال کا جواب دیتی جارہی ہے۔

ثمر نے کہا کہ ان کے خیال میں ڈرامے میں چھوٹی عمر کی شادی کو فائدے مند نہیں دکھایا گیا ہے، بلکہ اس کے نقصانات ہی دکھائے گئے ہیں، کیونکہ صرف یہ مقصد نہیں تھا کہ کم عمری کی شادی دکھانا ہے، بلکہ جبری شادی کے بارے میں بھی بتانا ہے۔

انہوں نے ڈرامے میں عینی اور فاخر کے کردار کے بارے میں مزید کہا کہ جیسے اس ڈرامے میں دو کزن ہیں، آپس میں لڑتے جھگڑتے ہیں، ساتھ میں اچھے لگتے ہیں تو ان کی شادی کروا دو، یہ ٹھیک نہیں۔ ہونا یہ چاہیے تھا کہ دونوں کو موقع دیا جاتا کہ وہ بڑے ہوتے اور اگر وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مواقفت رکھتے تو پھر شادی کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔

ڈرامے میں شادی اور پھر بیٹی ہو جانے کے باوجود فاخر کی ایک اور لڑکی سے دوستی جاری رکھنے کے بارے میں ثمر جعفری نے وضاحت کی کہ یہ اعتراض کرنے والوں کو ڈراما ذرا غور سے دیکھنا چاہیے۔

بقول ثمر: ’ٹھیک ہے کہ وہ لڑکی اس کی ’ایکس‘ ہے مگر وہ دونوں اس بات پر واضح ہیں کہ اب وہ صرف دوست ہی ہیں، کیونکہ اب فاخر کی ایک اولاد ہے، ایک بیوی ہے، جس کا اس نے خیال رکھنا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ اس نے فاخر کو سمجھایا کہ اپنی بیوی کا خیال رکھو، اسے آرام دو نہ کہ باہر بھاگنا شروع ہو جاؤ۔

اپنے شادی کے سین کے بارے میں ثمر نے بتایا کہ جس دن اس کی عکاسی ہونی تھی، تو ان کی والدہ کے علاوہ کسی کو معلوم نہیں تھا۔ اتفاق سے ان کے والد سب کو تیار کرکے سیٹ پر لے آئے اور پھر وہاں کہنے لگے کہ ’میرے بیٹے کی شادی ہے مگر اس نے ہمیں تو بلایا ہی نہیں۔ میں وہاں ان سے کہتا رہا کہ کیوں مجھے شرمندہ کر رہے ہیں۔ اس کے بعد والدہ سٹیج پر آ گئیں کہ عینی کو بلاؤ وہ دلہن بنی ہوئی ہے تو ہم ساتھ میں تصویر کھنچواتے ہیں، حالانکہ میں کہتا رہا کہ کوئی اصلی شادی تھوڑی ہے کہ آپ اتنا سنجیدہ ہوگئی ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کے کزنز نے بھی ان کا بہت مذاق اڑایا تھا۔

اس ڈرامے پر ہونے والی نکتہ چینی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ دل پر نہیں لیتے، لوگ تعریف بھی کرتے ہیں اور برائی بھی، تو یہ سب تو چلتا رہتا ہے۔

کم عمری کی شادی کو عمومی دکھانے کے بارے میں ثمر نے کہا کہ ڈرامے میں تو یہ دکھایا جا رہا ہے کہ عینی اور فاخر ایک دوسری بچی کی شادی کے خلاف باقاعدہ سٹینڈ لیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جو ہمارے ساتھ ہوا ہے وہ اس کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Samar Jafri (@samarjafri_)

سینیئر اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سب نے انہیں اپنے بچوں کی طرح ہی رکھا اور کبھی کسی سے ڈانٹ نہیں پڑی بلکہ سب انہیں پیار سے سمجھاتے تھے۔

عینا آصف کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ’ناں‘ نہیں کہا جاسکتا۔ ’وہ کنٹرولنگ ہوجاتی ہیں سیٹ پر، اس لیے ان کی بات ماننی پڑتی ہے۔‘

ثمر جعفری نے مزید بتایا کہ اگر انہیں ’مائی رے‘ جیسا یا اس سے بہتر ڈرامے میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کریں گے۔

ان دنوں ثمر اپنی میوزک البم پر بھی کام کر رہے ہیں اور انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ ایک ماہ تک ان کے گانے ریلیز ہونا شروع ہوجائیں گے، جو زیادہ تر رومانوی ہی ہوں گے کیونکہ ان کا مزاج زیادہ پاپ میوزک کی جانب ہے۔

ان کی خواہش ہے کہ ان کے گانوں کی ویڈیو میں ماہرہ خان کام کریں کیونکہ بقول ثمر ’ان کے آنے سے چار چاند لگ جائیں گے۔‘

ثمر نے بتایا کہ وہ ماہرہ خان کو بطور اداکارہ بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور بطور انسان بھی بہت زیادہ عزت و احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ فلموں میں بھی کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن ابھی وہ ’انتظار کر رہے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی