انڈیا بمقابلہ نیوزی لینڈ: ہزار روپے کا ٹکٹ لاکھوں میں فروخت

پولیس اس غیر قانونی ٹکٹ ریکیٹ میں مزید افراد ملوث ہونے کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش کر رہی ہے۔

نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان 22 اکتوبر 2023 کو دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ کے دوران ڈیرل میچل شاٹ کھیل نے کے بعد گیند کو دیکھ رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈیا کے بڑے شہر ممبئی میں پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل سے ایک روز قبل ایک شخص کو میچ کے ٹکٹ 50 ہزار بھارتی روپوں کے عوض فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

ممبئی سرکل ون کے ڈی سی پی پراوین منڈے کے مطابق بدھ کو ہونے والے اس مقابلے کے ٹکٹ جس کی اصل قیمت اڑھائی ہزار سے لے کر چار ہزار بھارتی روپے ہے اسے 25 سے 50 ہزار روپے کے عوض فروخت کیا جا رہا تھا۔ ’اطلاع ملنے پر ہماری ٹیم نے ملزم سے رابطہ کیا اور اس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اس معاملے کی مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔‘

یہ میچ بدھ کو ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ممبیی کے جے جے مارگ پولیس سٹیشن کے اہلکاروں نے ملزم سے دو ٹکٹ برآمد کیے۔ افسر نے بتایا کہ یہ 1.2 لاکھ روپے مالیت کے اعزازی ٹکٹ تھے، جو وی آئی پی افراد یا خصوصی مدعو افراد کے لیے تھے۔

کرک ٹوڈے نامی کرکٹ کی خبریں دینے والی ویب سائٹ نے تاہم ایک خبر میں کہا ہے کہ پولیس نے ایک ملزم کوٹھاری کو شہر کے شمالی حصے میں واقع ملاڈ میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ یہ شخص الزام ہے کہ مختلف وٹس ایپ گروپوں میں پیغامات کے ذریعے 27 ہزار سے لے کر ڈھائی لاکھ روپے تک کی قیمت پر ٹکٹوں کی غیرقانونی فروخت کر رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے اس شخص نے ٹکٹوں کو ان کی اصل قیمت سے چار سے پانچ گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت کیا۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420 اور 511 کے تحت دھوکہ دہی اور دیگر جرائم کے الزامات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس اس غیر قانونی ٹکٹ ریکیٹ میں مزید افراد ملوث ہونے کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش کر رہی ہے۔

لوکی فرگوسن

نیوزی لینڈ کے تیز باولر لوکی فرگوسن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بدھ کو ممبئی میں بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی کوئی تشویش نہیں ہے کیونکہ 'ہم سب ایک بار پھر صفر سے شروعات کریں گے۔‘

ٹورنامنٹ کی میزبان انڈیا 10 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کی بہترین ٹیم رہی ہے جس نے اپنے تمام نو گروپ میچز جیتے ہیں۔ وہ ممبئی میں سری لنکا کے خلاف 2011 کے فائنل میں فتح کے بعد تیسرے اور اپنی سرزمین پر دوسرے ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس کے برعکس نیوزی لینڈ نے راؤنڈ رابن مرحلے کے اپنے ابتدائی چار میچز میں کامیابی حاصل کی اور اگلے چار میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بلیک کیپس نے بھلے ہی ابھی تک مردوں کا کوئی ایک روزہ بین الاقوامی کپ نہ جیتا ہو لیکن وہ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ثابت ہوئے ہیں۔ یہ ٹیم 2015 اور 2019 دونوں کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ بدھ کا میچ ٹورنامنٹ کی 13 ایڈیشن کی تاریخ میں ان کا نواں سیمی فائنل میچ ہے۔

فرگوسن نے پیر کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’مجھے لگتا ہے کہ ہمارے چند میچ ایسے تھے تو سخت مقابلے کے بعد ہم نے ہارے تھے۔‘ بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ کو پاکستان نے 400 سے زیادہ رنز بنانے کے باوجود ڈی ایل ایس میتھڈ کے ذریعے شکست دی تھی۔

انہوں نے مزید کہا: 'لیکن میرے خیال میں ان نو میچوں نے ہمیں اس پوزیشن پر پہنچا دیا ہے اور ہم سب ایک بار پھر صفر سے شروع کر رہے ہیں۔ لہٰذا بدھ کو یہ ایک اچھا چیلنج ہو گا۔‘

کپتان روہت شرما کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ تک پہنچنے کے لیے انڈیا نے کئی حریفوں کو شکست دی ہے۔

لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں سے جیت کے لیے انہیں محنت کرنا پڑی تھی، جس میں ڈیرل مچل نے 273 رنز کی مجموعی اننگز میں 130 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں انڈیا نے دو اوور باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔

اگر ان فارم فاسٹ باولر محمد شامی 54 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل نہ کرتے تو نیوزی لینڈ 300 سے زیادہ رنز بنا سکتا تھا۔

انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم گجرات میں شامی کے ساتھ کھیلنے والے فرگوسن نے انڈیا کی باولنگ کو مضبوط قرار دیا۔

لیکن فرگوسن نے، جو 24 سال سے کم کی اوسط سے 10 وکٹوں کے ساتھ نیوزی لینڈ کی باؤلنگ اوسط میں سرفہرست ہیں، کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ ناک آؤٹ مرحلے (آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جمعرات کو کولکتہ میں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے) میں شامل چاروں ٹیموں کے پاس بہت اچھا فاسٹ اٹیک اور اچھے سپنرز ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ (بھارت کے خلاف) مقابلہ سخت تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے بہت سی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے کھیل میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہمیں بس اتنی ہی جان لڑانی ہوگی جتنا ہم کر سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے چار سال قبل انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بارش کی وجہ سے دو روز تک جاری رہنے والے مانچسٹر سیمی فائنل میں بھارت کو صرف 18 رنز سے شکست دی تھی۔

32 سالہ فرگوسن نے کہا کہ میں نے کبھی بھی دو دن سے زیادہ ون ڈے میچ نہیں کھیلا، یہ ٹائٹل میں بھی نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ ہمارے لیے بہت خوش کن تھا لیکن چار سال گزر چکے ہیں، ’ہم نے درمیان میں کافی کرکٹ کھیلی ہے اور مجھے یقین ہے کہ دونوں ٹیمیں بدھ کا بےچینی سے انتظار کر رہی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ