’امریکی سفیر کی عمران خان سے جیل میں ملاقات نہیں ہوئی‘

حالیہ دنوں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی خبریں رپورٹ کی جا رہی ہیں۔

عمران خان 17 مارچ، 2023 کو لاہور میں روئٹرز کو انٹرویو دے رہے ہیں (روئٹرز)

سابق وزیراعظم عمران خان کی امریکی سفیر سے اڈیالہ جیل میں ملاقات سے متعلق گذشتہ چند روز سے جاری چہ مہ گوئیوں کی نفی کرتے ہوئے سفارتی حکام نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی جیل میں ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

حالیہ دنوں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی خبریں رپورٹ کی جا رہی ہیں۔ یہ خبریں ایسے وقت میں سامنے آئیں جب پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہیں عدالتوں میں مختلف کیسز کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے سفارتی ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے پاکستان میں امریکی سفیر کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات سے متعلق سوال پوچھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جس پر میتھیو ملر نے جواب دیا کہ کسی بھی سفیر کی ایسی ملاقات سے متعلق جاننے کے لیے میں تجویز کروں گا کہ آپ سفارت خانے سے رجوع کریں۔ وہ زیادہ درست معلومات دے سکتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اس حوالے سے امریکی سفارت خانے اور پاکستان تحریک انصاف سے ان کا موقف جاننے کے لیے بھی رابطہ کیا۔

امریکی سفارت خانہ کے ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’21 نومبر کو امریکی سٹیزن سروسز سیکشن کے ایک ورکنگ لیول کے امریکی قونصلر افسر نے اڈیالہ جیل میں قید ایک امریکی شہری کی فلاح و بہبود کا جائزہ لینے کے لیے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا تھا۔‘

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں امریکی قونصلر افسران کا قید امریکی شہریوں کی حالت کا جائزہ لینا معمول کا عمل ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اس سے متعلق جاننے کے لیے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کے مشیر برائے بین الاقوامی میڈیا ذوالفقار بخاری سے رابطہ کیا لیکن تاحال ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان