پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو بلوچستان کے علاقے خضدار میں دھماکہ ہوا ہے جس میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی مراد جاموٹ جان سے گئے۔
ایس ایچ او عبداللہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکہ سلطان ابراہیم خان روڈ پر اس وقت ہوا جب ایس ایچ او سی ٹی ڈی اپنی گاڑی میں دفتر کی جانب جا رہے تھے۔ اس دھماکے میں دو راہ گیر زخمی بھی ہوئے۔
ان کے مطابق دھماکے کی نوعیت مقناطیسی بم کی ہے۔
ایس پی خضدار غلام حسین کے مطابق وہ بھی اس وقت موقعے پر موجود ہیں جبکہ پولیس اور لیویز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل بھی چند ماہ قبل خضدار میں ہی ایس ایچ او سی ٹی ڈی شربت خان کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے خضدار میں ہونے والے اس دھماکے کی مذمت کی ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ ’ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔‘
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ’بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔‘