راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ گلوکار اظہر کامل جو صدر راولپنڈی کی ایک ورکشاپ میں موسیقی کے ساتھ گاڑیوں کو سپرے کرنے کام بھی کرتے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اظہر کامل نے بتایا کہ انہوں نے 1973 میں ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد میں انہوں نے پی ٹی وی سمیت کئی چینلز میں بھی کام کیا۔
اظہر کہتے ہیں کہ مناسب جگہ نہ ملنے پر انہوں نے میڈیا انڈسٹری کو خیرآباد کہہ دیا اور باقاعدہ طور پر ایک ورکشاپ میں گاڑیوں پر سپرے کرنے کا کام شروع کر دیا جس سے وہ اپنے گھر کا ذریعہ معاش چلا رہے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اظہر کامل نے بتایا کہ’ مجھے میوزک کا شوق تھا۔ پہلے بھی کرتا تھا، اب بھی کرتا ہوں۔ ڈرامے کا بھی شوق تھا۔ وہ بھی کیا، ریڈیو بھی کیا، تھوڑا بہت ٹی وی بھی کیا لیکن اب ظاہر ہے وہاں پر موقع نہیں ہے۔
’اب کام کی اتنی پذیرائی نہیں ہے اور ہمارے یہاں اتنے وسائل نہیں ہیں۔‘
ان کے مطابق ’میں نے اپنی ورکشاپ بھی کھولی، پہلے کام سیکھا، پھر کرنا شروع کر دیا اور آج تک کر رہا ہوں۔ اللہ کا شکر ہے۔ اسی سے اپنا ذریعہ معاش چلا رہا ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اظہر کے مطابق ’میں نے ریڈیو میں 1973 میں کام شروع کیا۔ اپنے سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان راولپنڈی سے کیا اور پھر یہ سلسلہ چلتا رہا اور آج تک چل رہا ہے۔‘
موسیقی کے سفر سے متعلق اظہر نے بتایا کہ ’میں نے ٹی وی میں بھی کام کیا۔ تب صرف پی ٹی وی ہوا کرتا تھا۔ پھر اس کے بعد ایس ٹی این، پھر ایک میوزک چیلنج آ گیا۔
’اس میں میرے ساتھ شازیہ منظور، وارث بیگ اور یہ لوگ سارے پینل میں تھے۔‘
اظہر کامل نے بتایا کہ ’گلوگار تو بہت ہیں لیکن وہ محمد رفیع اور مہدی حسن سے کافی متاثر ہیں، لوگ ہمیشہ ان سے محمد رفیع صاحب کے گانے سننے کی فرمائش کرتے ہیں۔‘
اظہر کامل نے مزید بتایا کہ وہ اپنے تمام گانے موبائل فون سے ریکارڈ کر کے لوگوں کو مفت میں دیتے ہیں تاکہ ان کی آواز ہر بندے کے کانوں تک پہنچ سکے جس کے لیے ان کے پاس اپنا مائیک اور موبائل ہر وقت جیب میں پڑا رہتا ہے۔