’سرحد نے تقسیم کیا، موسیقی نے جوڑ دیا‘: پرینیتی نے گایا ’تو جھوم‘

گذشتہ روز انڈین اداکارہ پرینیتی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پاکستانی گانا ’تو جھوم‘ گا رہی ہیں، جس کے بعد سے پذیرائی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

22 فروری، 2018: بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا پریس کانفرنس کے دوران (اے ایف پی)

بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑہ نے اداکاری کے شعبے میں تو اپنی صلاحیتوں کو آزمایا مگر جب انہوں نے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا تو وہ ان کی مخصوص پہچان کا ذریعہ بنی۔

گذشتہ روز انڈین اداکارہ پرینیتی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پاکستانی گانا ’تو جھوم‘ گا رہی ہیں۔

’تو جھوم‘ کوک سٹوڈیو پاکستان کے سیزن 14 میں موسیقار ذوالفقار جبار کی کمپوزیشن پر گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لعل نے گایا تھا۔

اس صوفیانہ گانے نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا اور یہ گانا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔

پرینیتی چوپڑہ نے نہ صرف اس گانے کو گایا بلکہ اس کی دل کھول کر مدح سرائی بھی کی۔

اداکارہ نے لکھا: ’کبھی کبھی بہترین لمحات اچانک ہی آ جاتے ہیں۔ میں ایک ڈبنگ سٹوڈیو میں تھی جب میرے دل میں شدت سے خواہش ابھری کہ میں اپنا پسندیدہ ترین گیت گاؤں اور میں اس خواہش کو نظر انداز نہیں کر سکی۔‘

پرینیتی چوپڑہ کے کور کو سوشل میڈیا صارفین نے بہت سراہا۔

ریاض احمد نامی ٹوئٹر صارف نے کہا: ’بہترین۔ پاکستان کی کلاسک صوفی گلوکارہ شاہدہ پروین کو کاپی کرنا آسان نہیں ہے مگر پرینیتی آپ نے یہ کر لیا، جھوم جھوم بہت عمدہ۔‘

پاکستانی شہری شمسہ رحمانی نے بالی وڈ گلوکارہ کو سراہتے ہوئے تحریر کیا کہ ’پرینیتی چوپڑا کی آواز بہت مدھر ہے، جب بھی میں انہیں ’مانا کہ ہم یار نہیں‘ گاتے ہوئے سنتی ہوں مجھے لگتا ہے کہ مجھے ان کی آواز سے پیار ہو گیا ہے۔ اور اب یہ ’تو جھوم‘ ایک مسحور کن تجربہ ہے جو میری روح کی گہرائیوں کو چھو لیتا ہے۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’گانے کے بول تو سمجھ نہیں آئے مگر آواز کی شدت سے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔‘

ثوبیہ قریشی نامی ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا: ’واہ، کیا ٹیلنٹ ہے۔ گائیکی، آواز اور ہر لفظ کی بہترین ادائیگی نے جذبات کی بہترین نمائندگی کی ہے۔‘

ٹوئٹر صارف علی انور نے پرینیتی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’سرحدوں نے تقسیم کیا مگر میوزک نے جوڑ دیا، ہے تو پرانی کیپشن مگر یہ سچ ہے۔‘

پاکستانی میوزک خاص طور پر کوک سٹوڈیو کے گانوں کو انڈیا میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

کوک سٹوڈیو کے اسی سیزن میں علی سیٹھی اور شائے گل کے گانے ’پسوڑی‘ کو بھی انڈیا میں بہت پذیرائی ملی تھی، انڈین اداکاروں اور شائقین کی پسوڑی کو انجوائے کرتے متعدد ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ