میرا نیا سال پچھلے سال سے بہتر ہو گا

نئے سال کا ہر دن ایسے جییں جیسے وہ آپ کی زندگی کا آخری دن ہو، سال کے بجائے روزانہ کے اہداف رکھیں تو زیادہ بہتر رہے گا۔

عادات بدلنا اتنا آسان نہیں جتنا کہ ہم سمجھتے ہیں۔ اکثر لوگ کسی نئی عادت کو اپنانے کا فیصلہ کرتے ہیں لیکن کچھ دنوں بعد ہی وہ اسے جاری رکھنے میں ناکام ہو جاتے ہیں (اینواتو)

ایک اور سال ختم ہو رہا ہے، ایک اور سال شروع ہونے والا ہے۔ ہم ہر سال کی طرح اس سال کے اختتام پر بھی خود  کو جھوٹی تسلیاں دلا رہے ہیں کہ پچھلے کچھ سالوں کی طرح یہ سال بھی ہمارا نہیں تھا لیکن اگلا سال ضرور ہمارا ہو گا اور ہم اس سال وہ سب کچھ کریں گے جو پچھلے چند سالوں میں نہیں کر پائے۔

یہ تحریر کالم نگار کی زبانی سننے کے لیے کلک کیجیے 

سچ پوچھیں تو یہ سال بھی ہمارا تھا۔ اس سے پچھلے سال بھی ہمارے تھے اور آنے والے سال بھی ہمارے ہی ہیں۔

انسان اس دنیا میں صرف وقت لے کر آتا ہے۔ کتنا۔۔۔ یہ صرف قدرت جانتی ہے۔ انسان کے اختیار میں بس اس وقت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی زندگی اچھے طریقے سے گزارنا ہوتا ہے۔

جو اس نکتے کو سمجھ جاتے ہیں وہ اپنی زندگی میں وہ سب کرتے ہیں جو وہ کرنا چاہتے ہیں۔ جو نہیں سمجھتے وہ ہماری طرح ہر سال کے اختتام پر خود کو جھوٹی تسلیاں دے رہے ہوتے ہیں۔

لیکن ذرا سوچیں۔۔۔

ہم ان سالوں میں وہ سب کیوں نہیں کر پائے جو ہم کرنا چاہتے تھے؟

کیا ہم نہیں جانتے کہ ہم نے اپنے مطلوبہ ہدف تک کیسے پہنچنا ہے؟

ہم سب جانتے ہیں پھر بھی اپنا ہی طے کیا ہوا ہدف حاصل نہیں کر پاتے۔

کیونکہ ہم اپنی سستی اور کاہلی کو اپنا وقت استعمال کرنے دیتے ہیں۔ 

ہم اپنے وقت کو اپنی عادات بدلنے میں صرف نہیں کرتے۔

ہم ہر نئے سال میں اپنی انہی عادات کے ساتھ داخل ہوتے ہیں جو ہر سال ہمیں اپنے ہی طے کیے ہوئے اہداف تک پہنچنے نہیں دیتیں۔

ہم کئی سالوں سے اپنا وزن کم کرنا چاہ رہے ہیں۔ ہم ہر ماہ کچھ وزن کم کرتے ہیں لیکن اگلے ہی مہینے اسے واپس حاصل کر لیتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہماری ناکامیاں ہماری عادات کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ دیر سے اٹھے، کلاس مِس ہو گئی۔ امتحان کی ٹھیک سے تیاری نہیں کی، وہ اچھا نہیں ہوا۔

دفتر میں کام کرنے والے ساتھیوں کے لیے حدود متعین نہیں کیں، انہوں نے جب اپنے رنگ دکھائے تو ہم دکھ کا شکار ہوئے۔

ہم جانتے تھے کہ ہمارے خاندان میں کچھ بیماریاں پائی جاتی ہیں لیکن ہم نے بھی اس سال اپنی زندگی ویسے ہی گزاری جیسے خاندان کے دیگر لوگ گزارتے ہیں، اب ہم بھی اس بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔

اپنے نئے سال کو بہتر بنانے کے لیے اپنے آپ میں تبدیلیاں لائیں۔ اپنی غلط عادات کو تبدیل کریں۔

نئے سال کا ہر دن ایسے جییں جیسے وہ آپ کی زندگی کا آخری دن ہو۔ وقت پر اٹھیں۔ مناسب ورزش کریں۔ اچھا کھائیں، اچھا پییں۔ اپنے کام پر توجہ دیں۔

سال کی بجائے روزانہ کے اہداف رکھیں مثال کے طور پر مجھے آج وقت پر سونا ہے۔ آج مجھے دس ہزار قدم چلنے ہیں۔ آج مجھے تلی ہوئی اشیا نہیں کھانی وغیرہ وغیرہ۔

عادات تبدیل کرنا آسان نہیں ہوتا، تاہم اس دنیا میں کیا ممکن نہیں ہے۔

انٹرنیٹ پر بے شمار ویڈیوز موجود ہیں جن میں لوگوں نے وہ کر دکھایا جو بظاہر ناممکن لگ رہا تھا۔ کسی نے سو کلو وزن کم کر لیا تو کسی نے اپنے گنجے ہوتے ہوئے سر کو روزانہ کی احتیاط سے بالوں سے بھر دیا۔

وہ لوگ ہم سے مختلف نہیں ہیں۔ وہ بھی ہماری طرح سستی اور کاہلی کا شکار رہتے ہیں۔ لیکن ایک دن وہ اپنی سستی اور کاہلی کو ایک طرف رکھتے ہوئے اپنی زندگی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں کچھ ایسی تبدیلیاں لاتے ہیں جو انہیں اپنے اہداف تک پہنچنے میں مدد دیتی ہیں اور یوں ان کی زندگی بدل جاتی ہے۔

سال کی بجائے روزانہ کے اہداف رکھیں مثال کے طور پر مجھے آج وقت پر سونا ہے۔ آج مجھے دس ہزار قدم چلنے ہیں۔ آج مجھے تلی ہوئی اشیا نہیں کھانی وغیرہ وغیرہ۔

 

عادات بدلنا اتنا آسان نہیں جتنا کہ ہم سمجھتے ہیں۔ اکثر لوگ کسی نئی عادت کو اپنانے کا فیصلہ کرتے ہیں لیکن کچھ دنوں بعد ہی وہ اسے جاری رکھنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجوہات میں سے ایک عادت کو تبدیل کرنے میں آنے والی رکاوٹیں ہوتی ہیں۔

ان رکاوٹوں میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ ہم اپنی پرانی عادت سے عادی ہو چکے ہوتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ نئی عادت اختیار کرنا مشکل ہو گا۔ دوسری رکاوٹ یہ بھی ہوتی ہے کہ ہم نئی عادت سے فوری نتیجے چاہتے ہیں جبکہ عادات کو بدلنے میں وقت لگتا ہے۔

ان رکاوٹوں کو دور کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ عادت بدلنے کو تدریجی طور پر اختیار کیا جائے اور اسے جاری رکھنے پر زور دیا جائے۔ چھوٹے چھوٹے اہداف رکھ کر کام کیا جائے تو عادت بدلنا آسان ہو جاتا ہے۔

ہمیں اپنی زندگی میں ایسی ہی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں اور چھوٹے چھوٹے اہداف اور انہیں حاصل کرنے کی لگن۔

زندگی بہتر بنانے کا بس یہی  فارمولا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔ اس فارمولے کو اپنائیں اور اپنی زندگی کو بدلتا ہوا دیکھیں۔ یہی فارمولا آنے والے سال کو ہم سب کے لیے اچھا بنائے گا۔

امید کرتی ہوں آنے والا سال ہم سب کے لیے اچھا ثابت ہو گا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ