اسرائیلی بربریت 2023 کا سب سے زیادہ غمناک حصہ تھا: وزیراعظم کاکڑ

نگران وزیراعظم کاکڑ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اقوام عالم 2024 میں فلسطین میں امن کے قیام ’اسرائیلی خون ریزی روکنے اور اس کے مسئلے کے منصفانہ حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔‘

پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پیر کو نئے سال کے آغاز پر کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیل کی بربریت 2023 کا سب سے ’زیادہ غمناک حصہ تھا۔‘

فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے نئے سال کی کسی بھی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے 2024 کا استقبال سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سال 2024 کے آغاز پر قوم کو مبادکباد دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس خواہش کا اظہار  کیا کہ 2023 میں دنیا کو امن و امان اور قدرتی آفات کے جن بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے  کے لیے مثبت پیش رفت ہو گی۔

انہوں نے پیر کو جاری کیے جانے والے اپنے بیان میں کہا کہ ’غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں خصوصاً معصوم بچوں کے قتل عام اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر پوری پاکستانی قوم اور اُمت مسلمہ شدید رنج کے عالم میں ہے۔‘

وزیراعظم کاکڑ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ’اقوام عالم 2024 میں فلسطین میں امن کے قیام ، اسرائیلی خون ریزی روکنے اور اس کے مسئلے کے منصفانہ حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ میری یہ خواہش اور امید ہے کہ سال 2024 میں مظلوم کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے حوالے سے نئی کامیابیوں کی جانب بڑھے۔‘

نئے سال کے پہلے دن بھی غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری

ادھر غزہ پر اسرائیلی جارحیت پیر کو نئے سال کے پہلے دن بھی جاری رہی۔ نصف شب ہوتے ہی فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی حملوں میں راتوں رات دو درجن افراد جان سے گئے۔

2024 کے آغاز کے ساتھ ہی اسرائیل بھر میں فضائی الرٹ سائرن بجنے لگے اور تل ابیب میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کے صحافیوں نے میزائل ڈیفنس سسٹمز کو راکٹوں روکتے ہوئے دیکھا جن سے بچنے کے لیے لوگ پناہ گاہوں کی جانب بھاگ رہے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلسطینی گروپ حماس کے عسکری ونگ عزہ الدین القسام بریگیڈ نے سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی طرف سے کیے گئے ’شہریوں کے قتل عام کے جواب میں M90 راکٹ فائر کیے تھے۔‘

اسرائیلی فوج نے ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع دیے بغیر حملے کی تصدیق کی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رات بھر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 24 افراد جان سے گئے جبکہ حملوں کی اطلاع پورے علاقے میں کی گئی تھی۔

غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو تقریباً تین ماہ ہو گئے ہیں اور اس کا آغاز حماس کے سات اکتوبر 2023 کو ایک اچانک حملے کے بعد ہوا۔

ابتدا میں اسرائیل نے فضائی حملوں کے بعد غزہ کی پٹی پر زمین آپریشن کا آغاز کیا جس نے وسیع علاقے کو اب ملبے کا ڈھیر بنا دیا اور علاقے کی وزارت صحت کے مطابق کم از کم 21,822 افراد اب تک جان سے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے 172 فوجی غزہ کے اندر مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز خبردار کیا تھا کہ لڑائی ’حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی واپسی تک کئی ماہ تک جاری رہے گی۔‘

نئے سال پر پاکستان کے لیے وزیراعظم کا پیغام

پاکستانی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کرتا ہوں کہ سال 2024  ہمارے ملک پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔‘

نگران وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ  نئے سال میں ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی بہتری کے لیے کوششیں کریں گے اور ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں گے۔

’نئے سال کا آغاز پاکستان اور پوری قوم کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ  ملک میں امن اور خوشحالی کا سفر تیزی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان پہلے سے زیادہ پرامن اور مضبوط معاشی ملک بن کر سامنے آئے گا۔‘

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ’نئے سال کے آغاز پر میں معاشی صورت حال کی مزید بہتری، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کو دہراتا ہوں۔ 2024 میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان