’ریل ریل میں:‘ گوروں کی ٹرین، ہمارے مرزا غالب اور لال حویلی

انڈپینڈنٹ اردو کی سیریز ’ریل ریل میں‘ کی دوسری قسط، جس میں انتخابات کے حوالے سے مسافروں اور مختلف شہروں کے سٹیشنز کے مضافات میں رہنے والوں کی رائے جانی جاتی ہے۔

گوروں کی ایک چھوٹی سی تعداد نے پورے برصغیر کو فتح کس طرح کر لیا؟ کیسے ایک اتنے بڑے ملک کو طویل عرصہ زیر نگیں رکھا، کن حالات پر قابو نہ رہ سکا تو وہ آزاد ریاستیں بنا دینے پر مجبور ہوئے، یہ سوال جب بھی ذہن میں آئیں تو ان کا ایک بڑا جواب ریل گاڑی ہے۔

ٹرین سے پہلے ایک ملک کا تصور ایسے ہوا کرتا تھا کہ لوگ جانتے تھے، ہاں کوئی شہر ہو گا کراچی، لیکن پشاور سے ادھر جانے کا سوچا جاتا تو کئی ہفتے اس سفر میں لگ جاتے۔

طریقے تین تھے، پیدل، بیل گاڑی یا اپنا کوئی گھوڑا اونٹ وغیرہ، کیا ہوتا ہو گا، بس سوچیں۔

غالب کا ایک شعر دیکھیے، اس پر ٹرین فٹ کرتے ہیں 

تھا میں گلدستۂ احباب کی بندش کی گیاہ

متفرق ہوئے میرے رفقا میرے بعد

میں کہ یاروں کے گلدستے کی گرہ تھا، میں کہ جس نے انہیں آپس میں جوڑ رکھا تھا، میں جب رخصت ہوا تو بس پھر وہ سب لوگ بکھر گئے۔ (گیاہ کا لفظی مطلب وہ گھاس پھوس ہے، جس سے اس دور میں پھولوں کو باندھ کر گلدستہ بنایا جاتا تھا لیکن اپنی مراد یہاں گرہ ہے۔)

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپریل 1853 میں ٹرین کا برصغیر میں نزول بس اسی شعر کے حساب سے تھا اور آج اگر دن بدن ٹرینیں کم ہوتی دیکھیں تو بھی یہی شعر پورا بیٹھتا ہے۔ کیسے؟

ٹرین برصغیر کے ایک کونے سے دوسرے تک، سب چھوٹے بڑے علاقوں کو باندھنے والی گرہ ہوا کرتی تھی۔

پاکستان بنا تو جو حصہ ہمارے پاس آیا وہ بھی اسی گرہ میں بندھا ہوا تھا، یہ گرہ وفاق کی علامت تھی، پورے پاکستان کو آپس میں ملاتی تھی۔ اب یہ گرہ کمزور ہوتی جا رہی ہے اور وفاق؟ وہ آپ جانیں!

تو اس ڈوبتی ابھرتی سی علامت پر سوار میں اور سہیل اختر آج راول پنڈی پہنچے۔

یہاں کے شہریوں سے الیکشن پر احوال لیا، بڑے دلچسپ کردار ملے، اچھی خاصی ریکارڈنگ کی، جب ایڈٹ کرنے بیٹھے تو اندازہ ہوا کہ جو بندہ جتنا اچھا بولا اسے اتنا ہی زیادہ کاٹنا پیٹنا پڑا۔ وجہ؟ وہ بھی آپ جانتے ہی ہیں۔

ہماری آج کی محنت اوپر ویڈیو کی صورت میں موجود ہے، اسے دیکھیے اور پسند آئے تو انتظار کیجیے ’ریل ریل میں‘ کی تیسری قسط کا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان