امریکہ کی اسرائیل میں اپنے ملازمین پر سفری پابندی، فرانس کی وارننگ

فرانس نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران، لبنان، اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا سفر نہ کریں جبکہ امریکہ نے اسرائیل میں اپنے ملازمین پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

پانچ اپریل، 2024 کو تہران میں لوگ شام میں حملے کے دوران جان سے جانے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے سات اہلکاروں کی آخری رسومات میں شریک ہیں (اے ایف پی)

فرانسیسی وزیر خارجہ کے دفتر میں موجود عہدے داروں نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ فرانس نے جمعے کو اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں ایران، لبنان، اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

ایران نے یکم اپریل کو شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے میں دو جرنیلوں سمیت سات پاسداران انقلاب اہلکاروں کی اموات کے بعد اسرائیل کے خلاف انتقامی کارروائی کی دھمکی دی ہے جس سے مشرق وسطیٰ میں تشدد میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

فرانس کے وزیر خارجہ سٹیفن سیجرنے، نے ایک بحرانی اجلاس میں کہا کہ ایران میں موجود فرانسیسی سفارت کاروں کے اہل خانہ کو وہاں سے نکالا جائے اور کسی بھی فرانسیسی سرکاری ملازم کو مذکورہ ممالک میں فرائض کی انجام دہی کے لیے نہ بھیجا جائے۔

سات اکتوبر کے بعد سے اسرائیل غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہا ہے۔ اسرائیل نے شام اور لبنان میں ایرانی اہلکاروں اور اتحادیوں پر حملوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

غزہ میں حالات کے بعد سے اسرائیل اور عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے درمیان روزانہ سرحد پار سے فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

امریکہ نے بھی ایران کے حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں اپنے ملازمین پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی سفارت خانے نے اپنے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب یا بیئر شیوا کے علاقوں سے باہر سفر نہ کریں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکہ کو خدشہ ہے کہ ایران، اسرائیل پر حملہ کرے گا لیکن یہ اتنا بڑا نہیں ہوگا کہ واشنگٹن کو جنگ کی طرف لے جائے۔

 قبل ازیں وائٹ ہاؤس نے کہا کہ واشنگٹن نہیں چاہتا کہ مشرق وسطیٰ میں تنازعے کا دائرہ پھیلے۔ امریکہ ایران سے کہہ چکا ہے کہ وہ دمشق میں ایرانی فوج کے اعلیٰ کمانڈر پر فضائی حملے میں ملوث نہیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس حملے کو خطے میں مزید کشیدگی بڑھانے کے لیے بہانے کے طور پر استعمال نہ کرے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بتایا کہ انڈیا نے بھی اپنے شہریوں کو ’خطے کی موجودہ صورت حال‘ کے تناظر میں اگلے احکامات تک ایران اور اسرائیل کا سفر کرنے سے منع کر دیا ہے۔

انڈین وزارت خارجہ نے آج ایک ایڈوائزری کے ذریعے ان دونوں ممالک میں مقیم اپنے شہریوں سے کہا کہ ’وہ اپنی حفاظت کے بارے میں انتہائی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنی نقل و حرکت کو محدود کردیں۔‘

ادھر غزہ کی وزارت صحت نے جمعے کو بتایا کہ علاقے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کم از کم 89 افراد کی جان گئی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزارت صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری اسرائیلی حملوں میں علاقے میں کم از کم 33 ہزار 634 افراد جانیں گنوا چکے ہیں۔ سات اکتوبر، 2023 کے بعد سے 76214 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا