خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے نو سالہ قاری محمد بشار نے لیبیا میں حفظ القرآن کے عالمی مقابلے میں کم عمر ترین قاری ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جس کے بعد لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے انہیں خصوصی انعام سے نوازا۔
سوات کے محلہ حافظ آباد کانجو میں مدرسہ تعلیم الاسلام کے محمد بشار نے لیبیا میں ہونے والے حفظ القرآن کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 63 ممالک کے قرا اور حفاظ نے شرکت کی۔ سات روز تک جاری رہنے والے ان بین الاقوامی مقابلوں میں محمد بشار نے عالمی سطح پر چھٹی پوزیشن جبکہ ’دنیا کے کم عمر ترین قاری‘ ہونے کا عالمی اعزاز حاصل کیا۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں محمد بشار نے بتایا: ’میرا یہ اعزاز صرف میرے لیے نہیں بلکہ یہ سوات اور پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بتایا کہ ’لیبیا پہنچے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ مجھے پاکستان اور لیبیا کی مہمان نوازی میں کچھ زیادہ فرق محسوس نہیں ہوا، پہلی مرتبہ عالمی مقابلوں میں شرکت کرنا مشکل عمل تھا لیکن اساتذہ کی تربیت اور محنت کی وجہ سے مجھے پریشانی نہیں ہوئی۔
’لیبیا میں ہونے والے مقابلوں کے لیے بہت کم محنت کی تھی، لیکن الحمدللہ اس کے باوجود دنیا بھر کے 63 ممالک سے آئے قرا اور حفاظ میں چھٹی پوزیشن جبکہ دنیا کے کم عمر ترین قاری ہونے کا عالمی اعزاز حاصل کیا۔‘
محمد بشار نے بتایا کہ ’مقابلوں میں مجھے سب سے آخر میں رکھا گیا تھا، جس پر ہم اور سب حیران رہ گئے تھے کہ ایسا کیوں ہوا؟
’لیکن میں نے سب سے آخر میں آنے کے بعد ایسے قرأت کی کہ دنیا بھر سے آئے لوگ حیران رہ گئے اور مجھے پیشگی مبارک باد دینے لگے۔‘
ان کے مطابق: ’لیبیا میں ہونے والی شایان شان تقریب کے دوران لیبیا کے وزیراعظم عبد الحمید الدبیبہ نے مجھے گلے لگایا اور بوسہ لیا اور پھر خصوصی اعزاز، 15 ہزار لیبین دینار کے ساتھ ساتھ دیگر اعزازات سے نوازا اور کامیابی پر مبارک باد دی۔‘
محمد بشار کے ماموں اور استاد مولانا نظام الدین نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اس مدرسے میں حفظ قرآن کا بہترین معیار ہے اور یہاں ہمارے پاس گیارہ سو سے زیادہ طلبہ دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
’اس تربیت کی وجہ سے محمد بشار نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ اب مستقبل میں ارادہ ہے کہ صرف اس بچے پر نہیں بلکہ اس مدرسے کے ہر بچے پر زیادہ سے زیادہ محنت کریں گے۔‘
محمد بشار اس سے قبل اسلام آباد اور کراچی میں ہونے والے قومی مقابلوں میں کئی اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی قاری محمد بشار کو دو لاکھ نقد انعام اور شفقت سے نوازا تھا۔