خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے پانچ سالہ سفیان محسود مارشل آرٹس تو سیکھ ہی رہے ہیں مگر ساتھ ہی انہوں نے انڈیا کا پانچ سال پرانا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
سفیان محسود نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام 19 جون 2024 کو وہ ریکارڈ توڑ کر درج کروایا جو اس سے قبل گذشتہ پانچ سال سے انڈیا کے پاس تھا۔
سفیان محسود کو کم سے کم وقت میں اپنے والد کے اوپر چڑھ کر زمین پر اترے بغیر ان کے اردگرد گھومنا تھا۔
’فاسٹسیٹ ٹائم کو کلائمب اراؤنڈ پرسن‘ انڈیا کے ایم وی ارجن پریان نے یہ کارنامہ 9.78 سیکنڈز میں سرانجام دیا تھا جبکہ سفیان محسود نے یہی ریکارڈ صرف 7.87 سیکنڈز میں اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ننھے سفیان کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام بنانے پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔
سفیان کے والد عرفان اللہ محسود نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اس ریکارڈ کو کوالا ریکارڈ بھی کہاں جاتا ہے اور یہ چیلنج کووڈ 19 کے دنوں میں زیادہ مشہور ہوا۔ ’یہ ریکارڈ بنانا بہت مشکل اور چیلنجنگ تھا‘۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عرفان اللہ محسود کے مطابق ان کے بیٹے سفیان ’کم عمر ترین ریکارڈ ہولڈر‘ بن گئے ہیں جس پر وہ جتنا بھی فخر کریں کم ہے اور وہ اپنے بیٹے کی جیت پر انتہائی خوش ہیں۔
عرفان نے بتایا کہ سفیان پانچ سال کے ہیں اور وہ اڑھائی سال کی عمر سے مارشل آرٹس کا شوق رکھتے ہیں۔
’سفیان ابھی اتنے چھوٹے ہیں کہ انہیں ابھی اندازہ ہی نہیں کہ انہوں نے کیا حاصل کیا ہے لیکن جب میں نے انہیں سمجھایا کہ ان کا نام دنیا بھر میں مشہور ہوا ہے تو وہ بہت خوش ہوئے۔‘
عرفان نے بتایا کہ سفیان صبح سویرے اٹھتے ہیں اور اپنی ورزش کرتے ہیں اور اب تو وہ سکول بھی جانے لگے ہیں۔
سفیان کے والد عرفان اللہ محسود خود بھی پاکستان کے لیے سب سے پہلے 100 گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے مارشل آرٹسٹ ہیں۔