پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری کشیدگی سے متعلق یکم مئی کی اپ ڈیٹس
صبح 9 بج کر 04 منٹ
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے فضائی راستے اتوار کے علاہ روزانہ صبح تین سے 11 بجے تک بند رہیں گے۔
جمعرات کی صبح جاری ہونے والی ایک بیان میں کہا گیا کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر روٹس کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق آج (یعنی یکم مئی کو ) شروع ہونے والی یہ پابندی 30 مئی تک جاری رہے گی۔
سی اے اے کے مطابق کراچی اور لاہور کے فضائی روٹس میں کچھ راستوں پر ایئر ٹریفک معطل کی گئی ہے۔
صبح 8 بج کر 30 منٹ
پہلگام حملہ منصوبہ ساز اور حملہ کرنے والوں کو انصاف کا سامنا کرنا چاہیے: انڈین وزیر خارجہ
انڈین وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے جمعرات کو ٹوئٹر پر کہا ہے کہ جن لوگوں نے گذشتہ ہفتے کشمیر (پہلگام) میں حملے کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا، ان کو ’انصاف کا سامنا کرنا چاہیے۔‘
Discussed the Pahalgam terrorist attack with US @SecRubio yesterday. Its perpetrators, backers and planners must be brought to justice.
— Dr. S. Jaishankar (@DrSJaishankar) May 1, 2025
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق: انڈین وزیر خارجہ جے شنکر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کے بعد ایک بیان میں کہا، ’اس کے مرتکب، پشت پناہی کرنے والوں اور منصوبہ سازوں کو انصاف کا سامنا کرنا چاہیے۔‘
انڈین فوج نے کہا کہ دونوں ملکوں کے فوجیوں نے لائن آف کنٹرول پر رات بھر ایک دوسرے پر فائرنگ کی، جو کہ متنازع کشمیر میں ڈی فیکٹو بارڈر ہے۔
انڈیا کی طرف سے مسلسل ساتویں رات فائرنگ کا دعویٰ کیا گیا۔
انڈین پولیس نے تین افراد کو اشتہاری قرار دے کر پوسٹر جاری کیے ہیں جن پر کشمیر حملے کا الزام ہے۔ ان میں دو پاکستانی اور ایک انڈین ہیں، جو ان کے بقول کالعدم لشکر طیبہ کے رکن ہیں۔
صبح 6 بجے
امداد کی تیاریاں
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر نے بین الاقوامی ثالثی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ جوہری ہتھیاروں سے لیس انڈیا اور پاکستان کے درمیان کسی بھی کشیدگی کے پیش نظر انسانی امداد کی تیاری کر رہی ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے روئٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’بہت ساری سرگرمیاں ہو رہی ہیں اور کچھ بھی ہو سکتا ہے، لہذا ہمیں اس کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ یہ چند دن بہت اہم ہیں۔‘
انہوں نے کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری بین الاقوامی سفارت کاری کی اپیل کی۔
’ہم اس وقت کچھ دوست ممالک سے ثالثی کی توقع کرتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ ثالثی ہونی چاہیے، بصورت دیگر انڈیا اس بار کچھ بھی کر سکتا ہے۔ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات بھی ثالثی کر سکتے ہیں۔‘
چوہدری سلطان نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے بڑے ممالک بھی اس کوشش میں شامل ہو سکتے ہیں۔
صبح 4 بج کر 20 منٹ
امریکہ کا انڈیا کو کشیدگی کم کرنے کا مشورہ
پاکستان کے وزیر اعظم کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے ایک علیحدہ ٹیلی فون کال میں بھارت کے اعلیٰ سفارت کار اور وزیر خارجہ جے شنکر کے ساتھ، گفتگو میں انڈیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا لیکن اس کے ساتھ ہی احتیاط کی بھی تلقین کی۔
انڈیا پاکستان پر پہلگام میں حملہ کی پشت پناہی کا الزام لگا رہا ہے اور جوابی کارروائی کی دھمکی دے رہا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مھابق ’سیکرٹری نے پہلگام میں ہولناک دہشت گرد حملے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، اور دہشت گردی کے خلاف انڈیا کے ساتھ تعاون کے لیے امریکہ کی عزم کا اعادہ کیا۔‘
’انہوں نے انڈیا کو پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کی بھی تلقین کی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو میں زور دیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ میں آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے روبیو سے بات کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
امریکی اعلی سفارت کار کی جانب سے ان کالز کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔