پاکستان ہیٹ ویو: ’روزگار کے لیے گرمی میں بھی کام کرنا پڑتا ہے‘

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی لہر کے باعث عوام کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں موسم گرما کی آمد کے بعد جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا (کے پی)، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 20 مئی تک درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری معمول سے زیادہ رہے گا، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے باعث عوام کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے برف پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ آج 15 مئی کو لاہور سمیت مختلف شہروں میں درجہ حرارت 42 درجہ سینٹی گریڈ جبکہ محسوس 44 سے 45 تک کیا جا رہا ہے۔

شدید گرمی سے بچنے کے لیے شہری علاقوں میں مشروبات کی مانگ میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے۔ کئی مقامات پر ٹھنڈے پانی کی سبیلوں پر گرمی کے ستائے شہریوں کی پیاس بجھائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہریوں کا کہنا ہے کہ ’گرمی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے لیکن ضروری کاموں کے لیے باہر نکلنا مجبوری ہے۔ بچوں کا روزگار کمانے کے لیے محنت مشقت کرنا پڑتی ہے۔ لیکن ناقابل برداشت گرمی سے بچنا بھی لازمی ہے جسے پانی پی کر کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے انڈپینڈںٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔

حال ہی میں بہاولنگر میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، رحیم یار خان 45، بھکر 44، جبکہ کوٹ ادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت میدانی علاقوں میں تقریباً 42 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، منڈی بہاوالدین، خانیوال، قصور، لیہ، جھنگ، حافظ آباد اور فیصل آباد میں 40 سے 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔

’وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔‘

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے بقول، ’چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم  ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت  کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ عوام سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

’بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔ گرمی کی لہر کے اثرات معمر افراد بچوں اور بیماروں پر زیادہ ہو سکتے ہیں۔ سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں۔ غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔ ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129  پر کال کریں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان