’بکواس‘: امریکی تجزیہ کار کا پاکستانی طیارے گرانے کے انڈین بیان پر ردعمل

امریکی دفاعی تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے انڈین صحافی کرن تھاپر کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ 99 فیصد یقین ہے کہ پاکستان نے دو رفال طیارے گرائے۔

کرسٹین فئیر نے انڈین صحافی کرن تھاپر کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ائیر بیسز پر بڑی تباہی کے ثبوت موجود نہیں (سکرین گریب/ دی وائر)

انڈین صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی مصنفہ اور دفاعی تجزیہ کار پروفیسر کرسٹین فیئر نے انڈیا کی جانب سے پاکستانی طیارے گرانے کے دعوے کو ’بکواس‘ کہہ کر مسترد کیا ہے۔

کرن تھاپر نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں سکیورٹی سٹڈیز پروگرام سے وابستہ پروفیسر کرسٹین فئیر سے سوال کیا کہ: ’انڈین ڈائریکٹر جنرل ایئر آپریشن، ایئر مارشل اے کے بھارتی نے اپنی پریس بریفنگ میں دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا نے غیر متعین تعداد میں پاکستانی جہاز گرائے ہیں۔‘

اس پر کرسٹین فئیر نے بے ساختہ جواب دیا: ’یہ بکواس ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس دعوے کے حق میں انڈیا کے پاس کوئی ثبوت نہیں، بلکہ 2019 میں پاکستانی ایف-16 گرانے کا جو دعویٰ کیا گیا تھا، یہ اس سے بھی زیادہ اشتعال انگیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’میں 99 فیصد یقین سے کہتی ہوں کہ پاکستان نے انڈیا کے دو جہاز گرائے جو کہ رفال تھے اور غالب امکان ہے کہ انڈیا کے پانچ جہاز تباہ ہوئے۔‘

یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ایکس (ٹوئٹر) صارف قاسم نے 2019 کا کرسٹین فیئر کا انٹرویو پوسٹ کیا، جس میں وہ کہتی ہیں کہ: ’انڈیا کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے پاکستان کا ایف-16 طیارہ مار گرایا، بالکل غلط ہے اور مجھے 100 فیصد یقین ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔‘

ایکس صارف فیصل رانجھا نے انٹرویو کا وہ کلپ شیئر کیا جس میں کرسٹین فیئر نے انڈیا کی جانب سے پاکستانی ایئربیسز کے انفرا اسٹرکچر کو تباہ کرنے کے دعوے کو بھی مسترد کیا۔

ان کا کہنا تھا: ’نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایئرفیلڈز کو نشانہ ضرور بنایا گیا، مگر کوئی بڑی تباہی نہیں ہوئی۔ کچھ رن وے متاثر ضرور ہوئے، لیکن انڈیا کے وہ دعوے کہ 20 فیصد پاکستان ایئر فورس ناقابلِ استعمال ہو چکی ہے، محض مذاق ہیں۔‘

ایکس صارف رانا شاہد نے اس انٹرویو کا اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’میں چاہتا ہوں کہ سب لوگ پروفیسر کرسٹین فیئر کا یہ انٹرویو ضرور دیکھیں، جو انہوں نے کرن تھاپر کو دی وائر پر دیا۔ انٹرویو کا سب سے دلچسپ لمحہ وہ تھا جب انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا: ’یہ بکواس ہے۔‘

 

یہ انٹرویو ایسے وقت پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جب انڈیا کی جانب سے بغیر ثبوت کے دعوے کیے جا رہے ہیں اور ان دعوں کی تردید کرسٹین فیئر کر رہی ہیں جو کہ پاکستان اور پاکستان فوج کی ناقد رہی ہیں اور اس پر کتابیں لکھ چکی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ