پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو مظفر آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کو غرور تھا کہ دنیا کی طاقتیں اس کے ساتھ کھڑی ہوں گی مگر اس کے دوست ہی ’نیوٹرل‘ ہو گئے اور جو نیوٹرل تھے انہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا۔
مظفر آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پہلگام کا افسوس ناک واقعہ ہے لیکن ہندوستان نے اس کی آڑ میں پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات کی پوچھاڑ کر دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پوری دنیا کو باور کروایا کہ یہ ایک جھوٹا الزام ہے اور بہت بڑی سازش کا حصہ ہے جو خطے کے امن کو تباہ و برباد کر سکتا ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’یہ پہلی بار ہوا کہ انڈیا کو غرور تھا کہ دنیا بھر کی طاقتیں اس کے ساتھ کھڑی ہو جائیں گی مگر جو انڈیا کے دوست تھے وہ نیوٹرل ہو گئے اور جو نیوٹرل تھے انہوں نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا کہ پاکستان کا موقف جائز ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں انڈیا کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد پاکستان کی جوابی کارروائی اور سیزفائر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’صبح نو بجے مجھے سپہ سالار نے بتایا کہ مجھے پیغام دیا گیا ہے کہ ہندوستان سیز فائر کے لیے تیار ہے یعنی گھٹنے ٹیکنے کے لیے تیار ہے۔‘
’یہ حقیقت ہے کہ اب مودی سرکار سو مرتبہ سوچے گی پاکستان پر دوبارہ حملہ آور ہونے کے لیے۔ چھ مئی سے 10 مئی تک جو ہندوستان کو سبق سکھایا گیا میری نظر میں 1971 کی شکست کا اللہ نے بدلا لیا ہے۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان نے انڈیا کے نہتے شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ جن طیاروں پر انہیں بہت ناز تھا ان میں سے چھ گرائے اور فتح میزائیلوں کے ساتھ چھٹی کا دودھ یاد دلایا۔‘
پاکستان کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’اس جنگ نے اس ابہام کو غلط ثابت کر دیا کہ پاکستان روایتی جنگ میں انڈیا سے پیچھے ہے۔‘