پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو ایک مرتبہ پھر سعودی عرب سمیت دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا اور انڈیا سے جنگ بندی میں ’کردار ادا‘ کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’مین آف پیس‘ قرار دیا۔
کراچی میں نیوی افسران اور اہلکاروں سے پیر کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’برادر اور دوست ملکوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان، متحدہ عرب امارات، قطر، آذربائیجان اور چین کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کی شب جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کا دورہ کیا اور اس موقع انہوں آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان نیوی کے اہم کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بیان کے مطابق اس موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعظم کا استقبال کیا جبکہ آرمی جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی موجود تھے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہماری افواج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ قیامت تک یاد رکھےگا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہباز شریف نے کہا کہ ’جنگ بندی اس لیے ہوئی کیونکہ دشمن مزید پٹنے اور رسوا ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔‘
ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدر کا بھی ذکر کیا اور انہیں ’مین آف پیس‘ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ نے صدق دل سے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’پی این ایس مہران کے شہید لیفٹیننٹ یاسر کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے دشمن کے سامنے سینہ سپر ہو کر جان قربان کر دی۔‘