پاکستان کے سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جمعے کو جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 میں جیولن تھرو کے پہلے راؤنڈ میں 86.34 میٹر کی تھرو پھینک کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ارشد ندیم نے جمعرات کو کہا تھا کہ وہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں شرکت اور کامیابی حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
انسٹاگرام سٹوریز پر ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’میں کل (جنوبی) کوریا میں پاکستان کے وقت کے مطابق صبح چھ بج کر 15 منٹ پر مقابلہ کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا گذشتہ سال کے اولمپکس کے بعد پہلا ٹورنامنٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’براہ کرم میرے لیے دعا کریں تاکہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکوں۔‘
26ویں ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی ویب سائٹ کے مطابق ارشد ندیم نے 86.34 میٹر کی تھرو پھینک کر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ پاکستان کے ایک اور کھلاڑی محمد یاسر 76.07 میٹر کی تھرو پھینک کر نویں نمبر پر آئے۔
چیمپیئن شپ کا فائنل 31 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر ہو گا۔
ارشد ندیم نے گذشتہ سال اگست میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں مردوں کے جیولن تھرو کے فائنل میں 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا۔
یہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔ ارشد نے اس مقابلے میں اپنی آخری تھرو بھی 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر پھینکی۔
وہ جلد ہی ستمبر میں منعقد ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تیاری کے لیے انگلینڈ روانہ ہوں گے۔