پشاور، کراچی اور پنجاب کے شہروں میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق عید الاضحیٰ کے تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر کم از کم 100 افراد کی اموات ہوئی ہیں جبکہ سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں عید الاضحی کے تین دنوں کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 55 افراد کی اموات ہوئی ہیں جبکہ فائرنگ کے واقعات میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد کے مطابق ’ریسکیو 1122 نے عید الاضحیٰ کے تین دنوں کی تعطیلات کے دوران مختلف نوعیت کی 1999 ایمرجنسی میں سہولیات فراہم کیں جبکہ 1897 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
’عیدالاضحیٰ میں 349 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں سب سے زیادہ 43 حادثات پشاور میں ہوئے اس کے علاوہ مختلف نوعیت کے 112 آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے، دریاؤں اور ڈیمز میں ڈوبنے کے چھ واقعات پیش آئے جبکہ مختلف ریکوریز کے 82 اور جرائم کے 50 واقعات میں سہولیات فراہم کی گئیں۔‘
بلال احمد فیضی ترجمان ریسکیو1122 کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے ابتدائی تین دنوں میں مختلف واقعات میں 55 افراد جاں بحق بھی ہوئے جن میں پشاور میں 13، مردان 14، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر اور بٹ گرام میں 2/2، نوشہرہ، باجوڑ اور کرم میں 3/3، ہری پور مںی چار، شمالی وزیرستان، کوہاٹ اور خیبر میں ایک /ایک شخص جان کی بازی ہاربیٹھا۔
پنجاب
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان محمد فاروق کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 نے 22 ہزار 593 ایمرجنسیز پر کارروائی کی۔
صوبائی مانیٹرنگ آفیسر کے مطابق ریسکیو 1122 نے چھ سے آٹھ جون 2025 تک پنجاب کے تمام اضلاع میں پانچ ہزار 374 روڈ ٹریفک حادثات جن میں 39 اموات ہوئیں، 13 ہزار 841 میڈیکل ایمرجنسیز میں 587 اموات ہوئیں اور 14 ڈوبنے کے واقعات میں 10 اموات ہوئیں۔
اس کے علاوہ 353 آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، 464 گرنے / پھسلنے کے کیسز،427 زچگی سے متعلق ایمرجنسیز،387 کا م کے دوران چوٹیں، 262 جانوروں کے ریسکیو آپریشنز، 98 کرنٹ لگنے کے واقعات، 64 جلنے کے کیسز، دو عمارت گرنے کے واقعات، 865 دیگر متفرق ایمرجنسیزرپورٹ ہوئیں۔
یہ واقعات لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اور بہاولپور سمیت دیگر بڑے اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
کراچی
ریسکیو 1122 اور پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ’عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں مجموعی طور پر چھ افراد کی اموات ہوئی ہیں اور 165 زخمی ہوئے، جبکہ کئی مقامات پر لگنے والی آگ کو بروقت کارروائی کے ذریعے بجھا دیا گیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریسکیو 1122 کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک رہائشی مکان میں سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
اسی علاقے میں قطر اسپتال کے قریب ایک تھریڈ فیکٹری میں بھی آگ بھڑکی، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ گلستان جوہر کے ایک فلیٹ کی کچن میں آگ لگی، مگر ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شعلوں پر قابو پا لیا۔
ناردرن بائی پاس کے قریب مویشی منڈی کے مقام پر ٹریفک حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
شہر کے دیگر حصوں میں بھی آگ لگنے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے جن میں کلفٹن کے علاقے تلوار چوک پر ایک رہائشی گھر، گلشن اقبال بلاک 13 ڈی، اسکیم 33 میں کرن اسپتال کے قریب درخت، کشمیر کالونی میں پیپر شاپ اور گلشن معمار میں مویشی فارم کے اطراف جھاڑیاں شامل ہیں۔
ان تمام مقامات پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں رکھا۔
نئی سبزی منڈی، بلدیہ اتحاد ٹاؤن، لانڈھی کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون، اور لکھانی پرائم ہوم کے بیسمنٹ میں بھی آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے، مگر ان مقامات پر بھی کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
کورنگی جمعہ گوٹھ میں تاج ہوٹل اور ماڑی پور روڈ پر بھی آتشزدگی کے واقعات پیش آئے جن پر قابو پالیا گیا۔
ایک غیر معمولی واقعہ سی ویو پر پیش آیا جہاں ایک جیپ سمندر کے کنارے ریت میں دھنس گئی، تاہم ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
دوسری جانب ٹریفک حادثات نے عید کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ پولیس کے مطابق پہلے روز گلشن اقبال میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، دوسرے روز ملیر کے علاقے میں بھی ایک شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا۔
تیسرے روز سب سے زیادہ مہلک حادثات سامنے آئے۔ اورنگی ٹاؤن میں رکشہ تیز رفتاری کے باعث کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گیا جس سے رکشہ ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوا۔ سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ایک خاتون راہ گیر گاڑی کی زد میں آ کر جان بحق ہوئیں جبکہ ان کی والدہ زخمی ہو گئیں۔ لیاقت آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان جان سے گیا۔
پولیس کے مطابق صرف عید کے تین دنوں میں 165 افراد ٹریفک حادثات میں زخمی ہوئے۔
’رواں برس اب تک کراچی میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 238 افراد جاں بحق اور تین ہزار 131 زخمی ہو چکے ہیں۔