پاکستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر آندھی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جس سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
گذشتہ روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں سمیت خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 19 افراد کی موت ہو گئی تھی جبکہ 92 کے قریب لوگ زخمی بھی ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے جانب سے جاری الرٹ کے مطابق اتوار کو اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل اپریل کے وسط میں بھی اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔’
اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور سمیت صوبے کے مختلف مقامات میں بھی اتوار کو آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کے علاوہ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب 24 مئی کو ہونے والی بارش اور شدید طوفان کے زد میں آنے والے صوبہ پنجاب میں بھی ایک بار پھر آندھی اور بارش کی پیشن گوئی کی جا رہی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں 24 مئی کو آنے والے طوفان اور بارش کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع جن میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ سمیت کئی دیگر شہر شامل ہیں ایک بار پھر آندھی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اتوار کو آنے والی آندھی اور بارش سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے جن میں بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز شامل ہیں۔
پری مون سون بارشیں وقت سے پہلے شروع
گذشتہ ماہ اسلام آباد میں ژالہ باری کی پیشن گوئی کرنے والی نجی ’ویدر والے‘ کے چیف میٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ وقت سے پہلے شروع ہو گیا ہے اور حالیہ بارشیں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
ایپ کے چیف میٹ آفیسر دانش بیگ نے انڈپینڈنٹ اردو کے اسفندیار یحیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ملک میں آئندہ ہفتے کے وسط میں بھی بارشوں کا امکان ہے جو کہ زیادہ خطرناک نہیں ہوں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’رواں ماہ کے آخر اور جون کے آغاز میں مزید بارشوں کا بھی امکان ہے کیونکہ اس بار پری مون سون بارشیں انڈیا میں جلد شروع ہوئی ہیں جن کا اثر پاکستان میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔‘
دانش بیگ نے آئندہ ماہ کے آغاز میں عید الضحیٰ کے موقع پر موسم کے حوالے سے بتایا کہ ’عید کے قریب بارشیں ہوں گی جن سے درجہ حرارت میں خاطرخواہ کمی کی امید ہے۔‘
آندھی، بارش اور ژالہ باری: ایسی صورت حال میں کیا کریں؟
موسمیات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں سب سے پہلے وارننگ پیغامات کو سنجیدگی سے لیں اور غیرضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔
کوشش کریں کہ ایسی تمام جگہوں سے دور رہیں جہاں شیشے موجود ہیں۔
شہریوں کو چاہیے کہ پہلے ایسی صورت حال میں سفر نہ کیا جائے لیکن اگر سفر ضروری ہو تو ایسے میں گاڑی روک کر کسی شیڈ کے نیچے کھڑی کر دیں۔
اگر ایسے میں کہیں پھنس جائیں تو گاڑیوں میں پڑے میٹس کا استعمال کر کے شیشوں کو ٹوٹنے سے بچایا جا سکتا ہے۔