پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے بنگلہ دیش کو 111 رنز کا ہدف دیا تھا جسے اس نے 16ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے بعد بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور وہ اس پچ پر 140 رنز کو اچھا ہدف سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق گیند بازوں کو کنڈیشنز سے فائدہ مل سکتا ہے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے اس موقع پر کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیم نے کراچی میں ہونے والے تربیتی کیمپ کے دوران بھرپور تیاری کی ہے اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ سیریز ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ٹیمیں آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ سیریز کے تینوں میچز ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روز دونوں کپتانوں نے مشترکہ طور پر کی تھی۔
تاریخی طور پر باہمی مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستان نے حالیہ ہوم سیریز میں بنگلہ دیش کو وائٹ واش کیا تھا۔ تاہم ڈھاکا کی کنڈیشنز میں بنگلہ دیشی ٹیم ہمیشہ سے ایک خطرناک حریف رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنگلہ دیش نے اپنی پچھلی سیریز میں سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں قدم رکھا ہے جبکہ پاکستان نے بھی نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا عندیہ دیا ہے جو آئندہ میگا ایونٹس کے لیے ٹیم کی تیاری کا حصہ ہے۔
دونوں ٹیموں کے سکواڈ:
پاکستان: سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد۔
بنگلہ دیش: لٹن داس (کپتان)، شمیم حسین، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، تنزید حسین، جاکر علی، مہدی حسن، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد۔