حکومت پاکستان نے اس سال زائرین کو اربعین کے لیے سڑک کے راستے ایران اور عراق جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو ایکس پر ایک بیان میں بتایا کہ زائرین اربعین میں شرکت کے لیے ہوائی سفر کر سکیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے لکھا کہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی اداروں سے وسیع مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال زائرین کو اربعین کے لیے سڑک کے ذریعے عراق اور ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مشکل فیصلہ عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کے مفاد میں کیا گیا۔
بقول وزیر داخلہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ آنے والے دنوں میں زائرین کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروازوں کا انتظام کیا جائے۔
اس سے قبل آج وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ محسن نقوی نے ایک ملاقات میں شہباز شریف کو زائرین کے حوالے سے نئی پالیسی کے متعلق بریفنگ دی۔
بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب حالیہ دنوں میں بلوچستان میں مسافر بسوں پر حملوں کے متعدد واقعات سامنے آئے، جن میں کئی افراد کو قتل کیا گیا۔