پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز میں اپنی لگاتار دوسری فتح حاصل کر لی ہے۔
شارجہ میں ہفتے کو سہ ملکی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم پاکستان کے 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اووروں میں 176 رنز ہی بنا سکی۔
متحدہ عرب امارات نے اپنی اننگز کا آغاز بہتر انداز میں کیا تھا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز سکور کیے مگر اس کے بعد ان کی اوپر تلے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور صرف 76 کے مجموعی سکور پر اس کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔
آصف خان وہ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے آخر تک کوشش کی اور 35 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ ان کے علاوہ محمد نواز نے دو، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب اور حسن نواز کی نصف سینچریز کی بدولت مقررہ اووروں میں 207 رنز بنائے تھے۔
افغانستان کے خلاف سریز کے پہلے میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہنے والے صائم ایوب کا بلا آج خوب چلا جنہوں نے 38 گیندوں پر چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے بعد نصف سینچری سکور کرنے والے دوسرے بلے باز حسن نواز تھے جنہوں نے صرف 26 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں چھ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
متحدہ عرب امارات کے بولرز نے آغاز اچھا کیا اور صرف 74 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے تین اور 104 پر چار بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا تھا۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ شاید پاکستان ٹیم زیادہ بڑا ہدف دینے میں کامیاب نہ ہو پائے۔
ساغر خان اور جنید صدیقی متحدہ عرب امارات کے سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے تین، تین وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ حیدر علی نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔