صرف چار رنز پر پانچ افغان بلے باز آؤٹ، پاکستان پہلا ٹی 20 ٹوئنٹی جیت گیا

پاکستان نے حارث رؤف کی چار وکٹوں کی مدد سے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے ہرا دیا۔

پاکستانی کھلاڑی 29 اگست، 2025 کو شارجہ میں افغانستان کے خلاف متحدہ عرب امارات ٹرائی سیریز کے میچ کے دوران افغانستان کے صدیق اللہ اتل کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کے بولرز نے جمعے کو یو اے ای سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں صرف چار رنز پر پانچ وکٹیں لے کر افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوور میں کپتان سلمان علی آغا کے ناقابل شکست 53 رنز کی مدد سے سات وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

سلمان نے 36 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اننگز کے آخری اوورز میں فہیم اشرف نے صرف پانچ گیندوں پر 14 رنز بنا کر سکور 180 کے پار پہنچایا۔ 

اننگز کے ابتدا میں اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 10 گیندوں پر 21 رنز کی برق رفتار بیٹنگ کی، مگر وہ تیسرے اوور میں عظمت اللہ عمر زئی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

صائم ایوب (16 رنز) اور فخر زمان (20 رنز) بھی اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں نہ بدل سکے۔ 

12ویں اوور میں 83/4 پر پاکستان کو کچھ مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم محمد نواز کے 11 گیندوں پر 21 رنز اور سلمان آغا–فہیم اشرف کی شراکت نے ٹیم کو کم بیک کرایا۔ 

حسن نواز نو اور محمد حارث 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے دو جبکہ راشد خان، محمد نبی، عظمت اللہ اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

183 رنز کے تعاقب میں افغانستان کو پہلا نقصان ابراہیم زردان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب انہیں پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور میں 17 کے مجموعی سکور پر بولڈ کر دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس موقعے پر رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو دباؤ سے نکالنے کے لیے ناصرف باؤنڈری سے باہر شاٹس لگائے بلکہ سست فیلڈنگ پر وہ کچھ اضافی سنگلز بھی لینے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے صدیق اللہ اتل کے ساتھ مل کر سکور 68 پر پہنچایا، لیکن آٹھویں اوور میں گرباز (38 رنز) محمد نواز کو سوئپ کرتے ہوئے بولڈ ہو گئے۔

12 اوور میں افغانستان کو شدید جھٹکا لگا جب حارث رؤف نے 93 کے مجموعی سکور پر میڈن اوور کرتے ہوئے دو بیٹرز اتل اور کریم جنت کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

اگلے اوور کی پہلی گیند پر سفیان مقیم نے درویش رسولی کا عمدہ کیچ کر لیا۔ 97 کے سکور تک مزید دو وکٹیں گرنے کے بعد افغانستان کی میچ میں واپسی ناممکن ہو گئی۔

افغانستان کی پوری ٹیم 20 اوور میں 143 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ 

حارث 14 رنز دے کر چار وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ آفریدی، سفیان اور نواز نے دو، دو وکٹیں لیں۔ پاکستان اب اگلا میچ ہفتے کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ