خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کی انعامی رقم مردوں سے بھی زیادہ

خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو مردوں کے گذشتہ عالمی کپ کے 10 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔

جنوبی افریقہ کی اینیکے بوش (بائیں) اور کلوئی ٹرایون 17 اکتوبر، 2024 کو دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد خوشی کا اظہار کر رہی ہیں (اے ایف پی)

خواتین کے ایک روزہ عالمی کپ کی انعامی رقم مردوں کے ایڈیشن سے زیادہ ہو گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب خواتین کے اس ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو 2022 میں ساڑھے تین ملین ڈالر تھی۔
 
نئی انعامی رقم نے مردوں کے گذشتہ عالمی کپ کے 10 ملین ڈالر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
 
50 اوورز پر مشتمل خواتین کے عالمی ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن 30 ستمبر سے انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہو گا۔
 

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا ’یہ اعلان خواتین کرکٹ کے سفر میں ایک فیصلہ کن سنگ میل ہے۔ 

’انعامی رقوم میں چار گنا اضافہ ایک تاریخی لمحہ ہے جو خواتین کرکٹ کی طویل مدتی ترقی کے لیے ہماری واضح عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق سربراہ شاہ نے مزید کہا ’ہمارا پیغام سادہ ہے، خواتین کرکٹرز کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر وہ اس کھیل کو پیشہ ورانہ طور پر اپناتی ہیں تو انہیں مردوں کے برابر سہولت اور اعزاز دیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سال کے خواتین ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر ملیں گے، جو 2022 میں آسٹریلیا کو دیے گئے 1.32 ملین ڈالر کے مقابلے میں 239 فیصد زیادہ ہیں۔ 

رنرز اپ کو 2.24 ملین ڈالر ملیں گے، جب کہ تین سال قبل انگلینڈ نے صرف چھ لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے۔
 
پاکستان اس ایونٹ میں اپنے تمام میچ کولمبو میں کھیلے گا، جو ایک سمجھوتے کا حصہ ہے تاکہ انڈیا اور پاکستان دونوں کثیر القومی ٹورنامنٹس میں غیر جانب دار مقامات پر کھیل سکیں۔
 
فائنل دو نومبر کو ممبئی یا کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا پاکستان فائنل تک پہنچتا ہے یا نہیں۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ