انڈیا سے اب جو بات ہو گی برابری کی بنیاد پر ہی ہو گی: چیئرمین پی سی بی

محسن نقوی نے ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ پر کہا ہے کہ ’اللہ نے چاہا تو ہماری ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔ لڑکوں کا مورال بلند ہے اور جہاں تک تعلقات کی بات ہے انڈیا سے جب بھی بات ہوگی برابری کی بنیاد پر ہوگی۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی 22 فروری 2025 کو دبئی سٹیڈیم میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران ٹیم کے اراکین سے بات چیت کر رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سے تعلقات میں بہتری کی امید پر کہا ہے کہ ’وہ وقت گیا انڈیا سے اب جو بات ہو گی برابری کی بنیاد پر ہی ہو گی۔‘

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہفتے کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے جہاں انہوں نے آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ اور پاکستان، انڈیا میچ کے حوالے سے بھی بات کی۔

ایشیائی ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ ایشیا کپ نو ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے جا رہا ہے جہاں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہو گا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی میں جنگ کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سوال کیا گیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے ایشیا کپ کتنا اچھا موقع ہو سکتا ہے؟

اس کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ’اللہ نے چاہا تو ہماری ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔ لڑکوں کا مورال بلند ہے۔

’جہاں تک تعلقات کی بات ہے اس میں ہم واضح ہیں۔ انڈیا سے جب بھی بات ہوگی برابری کی بنیاد پر ہوگی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ان سے مذاکرات کی بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا، اب جو کچھ ہو گا برابری کی بنیاد پر ہو گا۔‘

انڈیا کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر انہوں نے کہا کہ ’مجھے یہ پتا ہے کہ وہ (ٹیم کھلاڑی) اپنے پوری کوشش کریں گے۔

’ٹیم نے محنت کرنی ہے، ہم نے ان کے پیچھے کھڑے ہونا ہے۔ خدا کا واسطہ ہے ان پر تنقید بند کر دیں، وہ بلا وجہ کی تنقید سے دل برداشتہ ہوتے ہیں۔‘

ایشیا کپ اور سہ فریقی ٹورنامنٹ کے لیے سکواڈ میں سینیئر کھلاڑیوں کو شامل نہ کیے جانے کے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ ’ٹیم میں ڈالنے اور نکالنے میں ایک فیصد بھی کردار نہیں ہے۔‘

محسن نقوی نے بتایا کہ انہوں نے سلیکشن کمیٹی کو ہدایات دی ہیں کہ ’جو بھی فیصلہ کریں میرٹ پر کریں، میں اس کو سپورٹ کروں گا۔‘

خواتین کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بھی محسن نقوی نے بات کی اور انکشاف کیا کہ ’ان کی ٹیم میں بھی تھوڑی سیاست نکلی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کی طرف بھی بہتری آنی شروع ہو گی۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ