ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ مردوں کا ایشیا کپ 2025 ستمبر میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوگا۔
محسن نقوی جو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بھی ہیں، نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا: ’مجھے خوشی ہے کہ میں یو اے ای میں ہونے والے اے سی سی مینز ایشیا کپ 2025 کی تاریخوں کی تصدیق کر رہا ہوں۔‘
ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا، 14 ستمبر کو دوسرے مقابلے میں پاکستان کا سامنا انڈیا سے ہو گا جبکہ پاکستان ٹیم 17 سمتبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میدان میں اُترے گی۔
گروپ اے
پاکستان، میزبان انڈیا، عمان اور یو اے کی ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ بی
بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رواں برس مئی میں افواہیں سامنے آئی تھیں کہ انڈیا ایشیا کپ سے دستبردار ہو گیا ہے، جس کی وجہ یہ بیان کی گئی تھی کہ چونکہ اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کر رہے ہیں، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھی ہیں، اس لیے انڈین ٹیم کونسل کے زیر اہتمام مقابلوں میں حصہ نہیں لے گی۔
انڈین میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ’اے سی سی کے زیر اہتمام ہونے والے ایونٹس سے دور رہنے کا مقصد پاکستان کرکٹ کو تنہا کرنا ہے۔‘
تاہم انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیو جیت سائکیا نے ان خبروں کو ’افواہیں‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیو جیت سائکیا نے خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں کچھ رپورٹس کے بارے میں معلوم ہوا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایونٹس مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو بالکل بے بنیاد ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بی سی سی آئی نے آئندہ اے سی سی ایونٹس کے حوالے سے نہ تو کوئی بات چیت کی ہے اور نہ ہی کوئی قدم اٹھایا ہے۔‘