معروف فٹ بالر لیونل میسی جمعرات کو ارجنٹائن میں اپنا آخری ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کھیلنے والے ہیں۔ تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق 38 سالہ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی بیونس آئرس کے مونیومنٹل سٹیڈیم میں وینزویلا کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
انہوں نے اس میچ کو نہایت خاص قرار دیا ہے، کیونکہ ان کے اہل خانہ بشمول اہلیہ، بچے، والدین اور بہن بھائی اس موقع پر موجود ہوں گے۔
آٹھ مرتبہ کے بیلن ڈیور ایوارڈ یافتہ میسی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ’یہ میرے لیے بہت خاص لمحہ ہو گا کیونکہ یہ میرا آخری کوالیفائنگ میچ ہو گا۔ میں نہیں جانتا کہ اس کے بعد دوستانہ میچز یا مزید میچز کھیلوں گا یا نہیں۔‘
ارجنٹائن کے کوچ لیونل سکیلونی نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ یہ ’بہت جذباتی، خاص اور خوبصورت لمحہ ہو گا۔ اگر یہ واقعی آخری کوالیفائنگ میچ ہے، تو ہمیں اس لمحے کو بھرپور طریقے سے انجوائے کرنا چاہیے۔‘
کھیلوں کی خبروں والی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق ارجنٹائن کے کوچ لیونل سکیلونی نے کہا ہے کہ لیونل میسی اپنے ممکنہ آخری میچ میں ایک خاص استقبال کے مستحق ہیں۔
38 سالہ میسی نے ابھی تک اپنی ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، لیکن انہوں نے گذشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ جمعرات کا میچ ان کا اپنے ملک میں کھیلا جانے والا آخری ورلڈ کپ کوالیفائر ہو گا۔
بدھ کو پری میچ پریس کانفرنس میں سکیلونی نے آٹھ بار کے بیلن ڈیور ایوارڈ یافتہ کھلاڑی کو کوچ کرنے کے اعزاز پر روشنی ڈالی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سکیلونی نے کہا: ’جی ہاں، یہ ایک ایسا میچ ہے جس کے بارے میں لیونل میسی نے کہا ہے کہ یہ جذباتی، خاص اور خوبصورت ہو گا کیونکہ یہ ہمارا آخری کوالیفائنگ میچ ہے۔ ہمیں اس لمحے کو انجوائے کرنا چاہیے جیسا کہ ہم ہمیشہ کہتے آئے ہیں۔‘
انہوں نے جذبات پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا: ’سب سے زیادہ میں خود اس لمحے کو انجوائے کروں گا۔ انہیں کوچ کرنا میرے لیے اعزاز رہا ہے۔ امید ہے کہ سٹیڈیم میں آنے والے مداح بھی اس سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ وہ واقعی اس کے مستحق ہیں۔ کل کا میچ شاندار اور پرجوش ہو گا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ارجنٹائن میں ان کا آخری میچ نہیں ہو گا۔ اگر وہ فیصلہ کرتے ہیں کہ یہ آخری میچ ہے تو ہم ایک اور میچ ضرور کھیلیں گے تاکہ انہیں صحیح وقت پر وہ الوداع مل سکے جس کے وہ مستحق ہیں۔‘
میسی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اگلے سال کے ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم سے ریٹائر ہو جائیں گے، جہاں ارجنٹائن قطر میں جیتے گئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔
2030 کے ورلڈ کپ کے کوالیفائر 2027 میں شروع ہوں گے، جب میسی کی عمر 40 سال ہو گی۔