پنجاب حکومت نے پبلک سیفٹی ایپ کا نیا ورژن لانچ کیا ہے جو سیلاب متاثرین سمیت عام شہریوں کو بغیر انٹرنیٹ کے ہنگامی خدمات سے منسلک کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
یہ ایپ خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جو بول یا سن نہیں سکتے یا حادثے میں کال کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق 25 جون، 2025 سے اب تک حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں 972 اموات اور 1062 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا جبکہ گھروں اور مویشیوں کے نقصان کے اعتبار سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
اس دوران ملک بھر میں 8481 گھر تباہ یا متاثر اور 6509 مویشی مارے گئے۔
اس وقت ملک بھر کے 2368 ریلیف کیمپوں میں تقریباً چار لاکھ 77 ہزار افراد کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی سینیئر کمیونیکیشن آفیسر علینہ سلیم نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ’پبلک سیفٹی ایپ خاص طور پر سیلاب متاثرین کے لیے اگلے 30 دن تک بالکل مفت ہے۔ اس کے استعمال کے لیے نہ انٹرنیٹ کی ضرورت ہے نہ ڈیٹا کی۔
’اس سے متاثرہ افراد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں اور ان کی لوکیشن براہ راست ہمارے پاس پہنچ جاتی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ایپ میں معذور افراد کے لیے خصوصی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
پنجاب: 200 کلوگرام تک وزنی شخص کو ایئر لفٹ کرنے والی ڈرون سروس متعارف pic.twitter.com/JlCeAAOOEp
— Independent Urdu (@indyurdu) September 10, 2025
’پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے گونگے اور بہرے شہریوں کے لیے اشاروں کی زبان میں رابطے کی سہولت متعارف کروائی ہے۔
’اس مقصد کے لیے ہمارے افسران کو اشاروں کی زبان کی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں متاثرہ افراد کی مدد کر سکیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس ٹیکنیکل آفیسر طلحہ محمود کے مطابق ایپ کے ذریعے صارفین لائیو چیٹ، ایس او ایس الرٹ اور ویڈیو کال کے ذریعے 15 ایمرجنسی سینٹر سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
ایپ میں ایسے سینسر بھی موجود ہیں جو اگر فون گرنے کی صورت میں حادثے کا خدشہ محسوس کریں تو فوری طور پر ایمرجنسی کانٹیکٹس اور 15 سینٹر کو الرٹ بھیج دیتے ہیں۔
ایپ میں سیلابی صورت حال کے تازہ ترین الرٹس کے ساتھ ساتھ سیف سٹی کے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر اور ورچوئل بلڈ بینک تک بھی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ایپ میں ای-چالان چیک کرنے، وزیر اعلیٰ پورٹل پر شکایات درج کروانے، آئی جی شکایت پورٹل، گمشدہ یا لاوارث افراد کی رپورٹنگ، قریبی پولیس سٹیشن، ہسپتال یا پولیس خدمت مرکز کی معلومات جیسی سہولیات بھی شامل ہیں۔
شہری ضرورت پڑنے پر فائر بریگیڈ، موٹر وے پولیس، میڈیکل ایمرجنسی اور ویمن سیفٹی ایپ تک بھی براہ راست رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
پبلک سیفٹی ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں پر دستیاب ہے اور ایپ اسٹور یا پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔