ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اتوار کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان پھر سے مقابلہ ہونے جا رہا ہے جس سے قبل پاکستان نے اپنی شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے جب کہ انڈین کپتان سوریہ کمار یادو نے اپنے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس میچ کے دباؤ اور شور شرابے سے خود کو دور رکھیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستان ٹیم نے ہفتے کی شام ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کر دی حالانکہ ایشین کرکٹ کونسل کے شیڈول کے مطابق شام چھ بجے ایک کھلاڑی یا کوچنگ سٹاف کے رکن کو میڈیا سے بات کرنا تھی۔
اسی وقت ٹیم کا تین گھنٹے طویل ٹریننگ سیشن بھی دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی میں طے تھا جو حسبِ معمول جاری رہا۔
یہ لگاتار دوسرا موقع ہے کہ پاکستان نے پری میچ پریس کانفرنس سے گریز کیا۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے پہلے بھی پریس کانفرنس منسوخ کی گئی تھی۔
پاکستانی بورڈ اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے درمیان مصافحے کے تنازع پر کشیدگی نے معاملات کو مزید پیچیدہ کر دیا تھا۔
انڈیا کے خلاف ابتدائی میچ کے ٹاس کے موقع پر پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بتایا تھا کہ انڈین کپتان سوریہ کمار یادو سے ہاتھ نہیں ملایا جائے گا۔ پاکستان نے اس رویے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے کر ریفری کی فوری معزولی کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں آئی سی سی نے کوچ، کپتان اور ٹیم منیجرز کی موجودگی میں ملاقات کرائی جس میں پائی کرافٹ نے افسوس کا اظہار کیا۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے ملاقات کی مختصر ویڈیو شیئر کرنے پر آئی سی سی نے سخت ردعمل دیا اور اسے پروٹوکول کی خلاف ورزی قرار دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب انڈین کپتان سوریہ کمار یادو نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دباؤ اور شور شرابے سے خود کو دور رکھیں۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انڈین کپتان نے ایک سوال کے جواب میں پاکستان کے خلاف میچ اور دباؤ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ’کمرے کا دروازہ بند کریں، فون بند کریں اور سو جائیں۔ یہ آسان لگتا ہے لیکن کبھی کبھی مشکل ہوتا ہے۔ اصل فیصلہ کھلاڑی کا اپنا ہے کہ وہ کیا سننا چاہتا ہے اور کس چیز پر توجہ دینا چاہتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف ’پچھلی فتح پر انحصار نہیں کرے گی بلکہ نئے سرے سے تیاری کرے گی۔‘
ان کے بقول: ’ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی اچھی عادات اور حکمت عملی پر قائم رہیں۔ ایک میچ جیتنے کا مطلب یہ نہیں کہ اگلے میں بھی سب کچھ ویسا ہی ہوگا۔ ہمیں ہر بار نئے سرے سے آغاز کرنا ہوتا ہے۔‘
واضح رہے کہ گروپ مرحلے میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی، جس کے بعد انڈین کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا۔ سوریہ کمار نے اس فتح کو اپنی مسلح افواج کے نام کیا جبکہ کئی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر بھی اسی نوعیت کے پیغامات جاری کیے تھے۔
پاکستان نے اس رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا اور حتیٰ کہ ایشیا کپ سے دستبرداری پر بھی غور کیا تاہم بعد ازاں یو اے ای کے خلاف میچ کھیل کر ایونٹ میں اپنی شرکت جاری رکھی۔
اتوار کو ہونے والا یہ میچ سپر فور مرحلے میں دونوں ٹیموں کا پہلا مقابلہ ہوگا جہاں کھیل کے ساتھ ساتھ میدان کے باہر کے معاملات بھی مرکز نگاہ رہیں گے۔