پاکستان فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی میں 13 ’انڈین سرپرستی‘ کام کرنے والے عسکریت پسندوں کو مار ڈالا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران فوج نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 13 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے عسکریت پسند مارے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں بتایا گیا ہے کہ انڈین سرپرستی میں مارے جانے والے عسکریت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو ان علاقوں میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
ان کارروائیوں میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش بم حملے کی سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔
علاقے میں کسی بھی عسکریت پسند کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں 13 عسکریت پسندوں کو ختم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان فوج اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔‘