سعودی کلب سے معاہدے کے بعد رونالڈو پہلے ارب پتی فٹبالر بن گئے

رونالڈو کی نیٹ ورتھ میں یہ زبردست اضافہ اُس وقت ہوا جب انہوں نے جون 2025 میں سعودی کلب النصر کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا، جس کی مالیت 400 ملین ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔

13 اگست 2023 کو کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی فٹ بال کلب النصر کی 10 رکنی ٹیم نے پہلی بار عرب کلب چیمپیئنز کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا (اے ایف پی)

بلومبرگ بلینئرز انڈیکس کے مطابق پرتگال کے لیجنڈری فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.4 بلین ڈالر لگایا گیا ہے، جس کے بعد وہ دنیا کے پہلے ارب پٹی فٹبالر بن گئے ہیں۔

40 سالہ سٹرائیکر کی دولت میں یہ زبردست اضافہ اس وقت ہوا جب انہوں نے جون 2025 میں سعودی کلب النصر کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا، جس کی مالیت 400 ملین ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق، رونالڈو نے 2002 سے 2023 کے دوران 550 ملین ڈالر سے زیادہ تنخواہ کی مد میں کمائے، جبکہ نائکی (Nike) کے ساتھ ایک دس سالہ معاہدے سے انہیں سالانہ 18 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔

اس کے علاوہ ارمانی، کاسٹرول اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ اشتہاراتی معاہدوں نے ان کی دولت میں مزید 175 ملین ڈالر کا اضافہ کیا۔

2023 میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے النصر منتقلی نے انہیں فٹبال تاریخ کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا کھلاڑی بنا دیا، جس کے تحت انہیں سالانہ 177 ملین پاؤنڈ (تقریباً 237.5 ملین ڈالر) تنخواہ، بونسز، اور کلب میں 15 فیصد حصہ دیا گیا۔

ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کیریئر میں 600 ملین ڈالر سے زائد قبل از ٹیکس آمدن حاصل کی ہے۔

رونالڈو کی دولت نے انہیں ان چند عالمی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جن میں باسکٹ بال کے لیجنڈز مائیکل جارڈن، میجک جانسن، لیبرون جیمز، گولفر ٹائیگر ووڈز، اور ٹینس سٹار راجر فیڈرر شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رونالڈو نے اشارہ دیا کہ وہ ابھی ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں رکھتے۔

انہوں نے پرتگال فٹبال گلوبز گالا میں کہا: ’مجھے اب بھی کھیل سے محبت ہے۔ میرا خاندان کہتا ہے کہ اب رک جاؤ، تم پہلے ہی 900 سے زائد گول کر چکے ہو، اب 1000 کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ لیکن میرا دل ایسا نہیں سوچتا۔

’میں اب بھی اچھا کھیل رہا ہوں، اپنے کلب اور قومی ٹیم کے لیے خدمات انجام دے رہا ہوں۔ تو پھر کیوں نہ جاری رکھوں؟

رونالڈو کا کہنا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ جب میں کھیل چھوڑوں گا تو مطمئن ہوں گا کیونکہ میں نے اپنا سب کچھ دے دیا ہوگا۔ مجھے معلوم ہے کہ میرے کھیلنے کے سال کم رہ گئے ہیں، لیکن جو باقی ہیں، انہیں میں بھرپور انداز میں جینا چاہتا ہوں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا