بابر کو ٹی 20 میں عالمی ریکارڈ کے لیے نو رنز درکار

پاکستانی سٹار بیٹر کے پاس جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں نہ صرف عالمی ریکارڈ بنانے کا موقع ہے بلکہ وہ کوچ ہیسن کے تحفظات بھی ختم کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔

بابر اعظم 23 فروری، 2025 کو دبئی میں انڈیا کے خلاف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے آغاز سے قبل وارم اپ سیشن میں شریک ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم کے پاس موقع ہے کہ وہ منگل سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انڈین بلے باز روہت شرما کا اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سکور کا ریکارڈ توڑ دیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان نے بابر کے علاوہ نسیم شاہ اور عثمان خان کی بھی واپس بلایا ہے۔ 

دونوں ملکوں میں مختصر فارمیٹ کی یہ سیریز منگل سے راول پنڈی میں شروع ہو رہی ہے۔

روہت اس وقت 4231 رنز بنا کر ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے 159 میچوں میں 32 رنز کی اوسط سے یہ رن بنائے۔

تاہم اس سال ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے بین الاقوامی ٹی 20 سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ 

بابر نے صرف 128 میچوں میں 39 کی اوسط سے 4223 رنز بنائے ہیں اور انہیں مزید نو رنز درکار ہے یہ نیا سنگ میل پانے کے لیے۔

تاہم ایک بات جو بابر کے خلاف جاتی ہے وہ ان کا کم سٹرائیک ریٹ 129 ہے جس پر اکثر اعتراض کیا جاتا ہے۔ روہت کا سٹرائیک ریٹ 141 کے قریب ہے۔  

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پاکستان کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن کو بابر کے سٹرائک ریٹ پر تحفظات ہیں اور وہ بابر کی تکنیک میں بھی بہتری چاہتے ہیں۔

جولائی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہیسن نے اوپر کے تین بیٹرز کے لیے صاحب زادہ فرحان، صائم ایوب اور فخر زمان کو ترجیح دی ہے۔

بابر کے بغیر پاکستان نے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف دو طرفہ سیریز جیتی، پھر بنگلہ دیش میں 2-1 سے ہار گیا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی اور متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹرائی سیریز بھی جیتی، لیکن ’نو ہینڈ شیک‘ ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کے ہاتھوں تین مرتبہ شکست کھائی۔

اب جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں فخر کی عدم موجودگی نے ہیسن کو مجبوراً بابر کو نمبر تین پر کھلانے پر آمادہ کر دیا ہے۔

اس بیٹنگ پوزیشن پر وہ 35 ٹی 20 میچوں میں 1,166 رنز 44.84 کی اوسط سے بنا چکے ہیں۔

ہیسن کے مطابق فخر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے تاکہ اگلے ماہ فیصل آباد میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے خود کو تیار کر سکیں اور یوں ٹیم مینیجمنٹ نے انہیں کو ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ دینے پر اتفاق کر لیا۔

ہیسن نے کہا ’یہ بہترین موقع ہے بابر کو دوبارہ سکواڈ میں لایا جائے۔ غالب امکان ہے وہ نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔

’یہ ایک ایسا کردار ہے جس میں مجھے پورا یقین ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے اور اس سے ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے سکواڈ کو آپشنز مل جائیں گے۔‘

ٹی 20 سے ڈراپ ہونے کے باوجود بابر کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ 1-1 سے ڈرا ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران لاہور اور راولپنڈی میں بڑی تعداد میں شائقین صرف انہیں دیکھنے سٹیڈیم آئے۔

جیسے ہی بابر آؤٹ ہوتے، شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم چھوڑ دیتی۔ بابر نے جنوبی افریقہ کے خلاف چار ٹیسٹ اننگز میں 131 رنز بنائے اور وہ تین بار سپنروں کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ان کا زیادہ سے زیادہ سکور 50 رہا، جو راول پنڈی میں دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں کی شکست سے نہ بچا سکا۔

ٹی 20 سیریز کے اگلے دو میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچ رات آٹھ بجے شروع ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کے مطابق ’چند کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے اور چند ایک نئے چہرے اس میں شامل ہیں۔

’میں اس ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں اور مجھے امید ہے یہ ایک بہت اچھی سیریز ہو گی۔‘

سلمان نے مزید کہا ’بنگلہ دیش کے خلاف ہماری ہوم سیریز بہت اچھی رہی تھی اور میں آنے والی اس سیریز میں بھی اچھے نتائج کے لیے پرامید ہوں۔

’ہم لمبے وقت کے لیے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں، جیسا کہ میں نے کہا کہ یہ ایک زبردست ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

’جنوبی افریقہ بہت اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس صلاحیت ہے اور مجھے اچھی سیریز کی توقع ہے۔‘ 

ٹی 20 سیریز کے لیے جس 15 رکنی سکواڈ کا اعلان ہوا ہے اس میں آف سپنر عثمان طارق پہلی مرتبہ شامل ہوئے ہیں۔

حالیہ کیربیئن لیگ میں انہوں نے ٹرینباگو کی طرف سے کھیلتے ہوئے 20 وکٹیں حاصل کیں۔

بابر آخری ٹی 20 انٹرنیشنل گذشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیلے تھے۔

نسیم نے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل گذشتہ جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا جبکہ عثمان آخری ٹی 20 انٹرنیشنل اسی سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے تھے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 24 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں اور دونوں ٹیموں نے 12، 12 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 

پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سلمان علی آغا (کپتان) بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوبت حسن نواز، محمد نواز، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، سلمان مرزا، عثمان خان (وکٹ کیپر) اور عثمان طارق۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ